ملک میں ایک اور پولیو کیس سامنے آ گیا، تعداد13ہو گئی


اسلام آباد(صباح نیوز)ملک میں ایک اور پولیو کیس سامنے آ گیا، تعداد13ہو گئی، لکی مروت سے پولیو کیس کی تصدیق ہوئی،تمام کیسز جنوبی خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

وزارت صحت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق لکی مروت سے پولیو کیس کی تصدیق کی گئی ہے، ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پاکستان سے رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 13 ہوئی ہے۔  وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل  نے کہا ہے کہ حکومت پولیو کے خاتمے میں بھر پور عملی اقدامات کو جنگی بنیادوں پر یقینی بنارہی ہے،وائرس ان اضلاع میں کافی حد تک موجود ہے،وائرس کے خاتمے کیلئے بھر پور مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے، پولیو کے لئے حساس قرار دئے جانے والے اضلاع میں ہنگامی اقدامات سے ویکسین کی رسائی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ جنوبی خیبرپختونخوا میں  وائرس کا خاتمہ کرنے کے لئے انجیکشن ویکسین کا آغاز بھی کیا گیا ہے،جراثیم کے خاتمے کے کے لئے حفظان صحت کٹ بھی تقسیم کئے گئے ہیں، پاکستان میں رواں برس تمام کیسز جنوبی خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئے ہیں ،جن میں شمالی وزیرستان سے 12 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ عبد القادر پٹیل نے مزید کہا کہ ہم زیادہ سے زیادہ بچوں کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں،جنوبی خیبرپختونخوا میں آئندہ مہم 15 اگست سے شروع ہورہی ہے ، وائرس کے مکمل خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔