ایف آئی اے کے مردان اور بنوں میں چھاپے ،سرغنہ سمیت5 انسانی اسمگلرگرفتار


پشاور(صباح نیوز) ایف آئی اے مردان اور بنوں کی ٹیموں نے مختلف کارروائیوں میں سرغنہ سمیت5 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے مردان کے ڈپٹی ڈائریکٹر لیاقت علی کی ہدایت پر ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث منظم گروہ کے سرغنہ عالمگیر خان کو مردان سے گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق ملزم پاکستان اور بیرون ملک کام کرنے والے انسانی اسمگلروں کے ایک منظم جرائم پیشہ گروہ کا سرگرم رکن ہے، ملزم نے اپنے بھائی سمیت چھ متاثرین کو غیر قانونی راستوں سے ایران بھجوایا، منظم جرائم پیشہ گروہ نے متاثرین کو غیر قانونی حراست میں رکھا، وہ متاثرین پر تشدد بھی کرتے رہے اور ان کی رہائی کے لیے ان کے اہل خانہ سے بھاری رقم بھی وصول کرتے رہے، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ایف آئی اے بنوں نے بھی کارروائی کی ہے جس میں چار انسانی اسمگلرز کو گرفتار کیا گیا ہے۔ چھاپہ مار ٹیم نے بنوں شہر کے مختلف مقامات پر چھاپے مارے، گرفتار ملزمان سے 81 پاسپورٹ، 3 لیپ ٹاپ، 7 موبائل فون، 62 ای ویزا کاپیاں اور دیگر ریکارڈ کو قبضے میں لے لیا۔ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے جن کی مزید تفتیش جاری ہے۔