گلگت ( صباح نیوز )وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کا دور افتادہ علاقوں اور ہسپتال کا دورہ،عوام کے مسائل سنے، کھلی کچہری بھی لگائی، کہتے ہیں عوامی مسائل ایمانداری کے ساتھ ان کی دہلیز پر حل کریں گے، موجودہ وفاقی حکومت نے غریب عوام کیلئے شروع کئے جانے والے منصوبے بند کردیئے ہیں۔ جلد عوامی حکومت آئے گی اور ان منصوبوں پر دوبارہ کام شروع کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق و زیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کا دور افتادہ علاقہ قمری، منی مرگ اور دومیل کا دورہ۔ عوام سے ملے اور ان کے مسائل دریافت کئے۔ وزیر اعلیٰ نے دورے کے موقع پر فیلڈ ہسپتال منی مرگ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے قمری منی مرگ میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سستی گیس کے حصول کیلئے گلگت بلتستان کا کوٹہ الگ کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ توانائی کے متبادل ذرائع سے استعفادہ حاصل کرتے ہوئے جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔
وزیر اعلی نے کہاکہ عوام کے مسائل ایمانداری کے ساتھ ان کے دہلیز پر حل کریں گے، ایک ہفتے میں تحصیل کو مکمل بنائیں گے اور تحصیلدار کو تعینات کیا جائے گا۔ وزیر اعلی نے کہاکہ دور دراز علاقوں میں مائیکرو ہائیڈرل پاور پروجیکٹس کی سٹڈی کرارہے ہیں تاکہ توانائی کے متبادل ذرائع عوام کو فراہم کئے جاسکے۔ خود انحصاری ہماری منزل ہے۔ وائلڈاور فشریز کے مواقع موجود ہیں، محکمہ اس حولے سے پروپوزل تیار کرے۔
وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ قراقرم کوآپریٹیو بینک کا برانچ کھولنے کیلئے ہدایات دی جائیں گی۔ ڈیری، لائیو سٹاک کو ان علاقوں میں ترجیح دیں گے۔ نادرا آفس کے قیام کیلئے اقدامات کریں گے۔وزیر اعلی نے کہاکہ موجودہ وفاقی حکومت نے غریب عوام کیلئے شروع کئے جانے والے منصوبے بند کردیئے ہیں۔ جلد عوامی حکومت آئے گی اور ان منصوبوں پر دوبارہ کام شروع کرے گی۔مقامی لوگ ہوٹل انڈسٹری پر توجہ دیں۔ حکومت اس شعبے میں آسان شرائط پر 30 لاکھ تک کا قرض فراہم کرے گی۔ ایک ہفتے میں استور منی مرگ کیلئے نیٹکو سروس شروع کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے بڑی پوسٹوں کی قانونی طریقے سے تعیناتی کو یقینی بنانے کیلئے ایک ماہ میں پروپوزل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعلی نے کہاکہ منی مرگ قمری میں بوائز اور گرلز ہائیر سیکنڈری سکول بنائیں گے۔ گندم کے شارٹ فال کم کرنے کیلئے پالیسی بنارہے ہیں۔ ہسپتال میں آکسیجن پلانٹ نصب کریں گے۔ بجلی کے ٹرانسفارمرز فراہم کریں گے۔ ہسپتال کیلئے ایمبولنسز دیں گے۔ آئی سی یو کیلئے جدید بیڈز فراہم کئے جائیں گے۔ ہیلتھ سروسز کو بہتر بنانے کیلئے سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ واٹر چینل کا مسئلہ اپنی نگرانی میں حل کروں گا۔ مکنو پل کی تعمیر اور روڈ کی توسیع و میٹل کررہے ہیں۔ مال مویشیوں کیلئے ادویات کی خریداری کیلئے خصوصی فنڈز فراہم کریں گے۔