معاملات طے پا گئے ،آئی ایم ایف پاکستان کو ایک ارب ڈالر فراہم کرے گا ، شوکت ترین


اسلام آباد(صباح نیوز) مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارے مذاکرات طے پا گئے ہیں، آئی ایم ایف پاکستان کو ایک ارب ڈالر فراہم کرے گا ۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف نے تسلیم کیا ہے کہ کووڈ کے باوجود پاکستان کی معاشی ترقی جاری ہے۔ عالمی اداروں نے پاکستان کی معاشی ترقی کو سراہا ہے۔ آئی ایم ایف نے ٹیکس اصلاحات جاری رکھنے کا کہا ہے اور کہا ہے کہ پاور سیکٹر میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ بہتری کا عمل جاری رہنا چاہیے۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر کامیابی سے عمل کررہی ہے ہمیں کاروباری ماحول میں آسانیوں کے ساتھ ٹیکس نیٹ بھی بڑھانا ہوگا ۔ ٹیکس ادائیگی کے حوالے سے شفافیت لانا ہوگی ۔ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی ۔ آئی ایم ایف نے عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کیلئے ہمارے کامیاب پروگرام کو سراہا ہے ۔

آئی ایم ایف نے غریب طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا کہا ہے سٹیٹ انٹرپرائزز میں شفافیت کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے جبکہ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ آئی ایم ایف نے توانائی کے شعبے میں اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں کورونا کے باعث معاشی مسائل درپیش ہیں۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں دنیا بھر میں اضافہ ہوا ہے۔

آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب مذاکرات پر مشیر خزانہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہاکہ سٹیٹ بینک کو خودمختاری دینے کی ضرورت ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جنوری میں ہوگا۔