بنوں( صباح نیوز)شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز نے امدادی رقوم کی بحالی و دیگر مشکلات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بنوں میرانشاہ روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا ،جلوس فضل قادر پارک سے نکالا گیا جو بازاروں سے ہوتا ہوا میرانشاہ روڈ پہنچا جہاں شرکاء نے متعلقہ حکام سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر اتوار تک عمل درآمد نہیں ہوا تو مجبورا ًآنے والے سوموار کو پشاور اور اسلام آباد کی طرف رخ کریں گے۔
احتجاجی مظاہرے کی قیادت آئی ڈی پیز کے مشر ملک رحمت اللہ وزیر کررہے تھے مظاہرین سے آئی ڈی پیز کے مشر ملک رحمت اللہ وزیر،ملک شروف خان،ملک یاسین خان،زاکیم خان و دیگر نے خطاب کیا۔
ملک رحمت اللہ وزیر نے کہا کہ اس سخت گرمی کے موسم میں آئی ڈی پیز کھلے آسمان تلے خیموں میں زندگی بسر کر رہے ہیں آئے روز سخت گرمی سے چھوٹے بڑے سب بے ہوش ہوتے ہیں ایک طرف شدید گرمی تو دوسری طرف حکومت کی جانب سے امداد نہیں مل رہی خمیوں میں آئی ڈی پیز کو نہ صاف پانی میسر ہے اور نہ ہی صحت اور تعلیم کی سہولیات میسر ہیں جس کی وجہ سے چھوٹے بچے جب بڑے ہوجاتے ہیں تو مجبوراً وہ ناقابل برداشت اقدام اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی طرف سے امدادی میسجز نہیں مل رہے ہیں اور نہ دیگر وقت کے مطابق امدادی سامان مل رہا ہے آخر کار اس کٹھن حالات میں آئی ڈی پیز کہاں جائیں ان کا کوئی پرسان حل نہیں اس مہنگائی کے دور میں آئی ڈی پیز کا جینا مشکل ہوگیا۔
اُنہوں نے کہاکہ آٹھ سال مکمل ہونے کے باوجود آئی ڈی پیز کی واپسی کو یقینی نہیں بنایا گیا نہ پاکستان میں موجود آئی ڈی پیز کی واپسی کا عمل شروع کیا اور نہ ہی افغانستان میں موجود آئی ڈی پیز کی واپسی کی۔
اُنہوں نے کہا کہ سات ہزار سے زائد آئی ڈی پیز کی امداد بند کردی گئی جس کی وجہ سے متاثرین کو اس مہنگائی کے دور میں مشکلات کا سامنا ہے کیا ہم پاکستانی نہیں یا محب وطن نہیں اگر ہم پاکستانی بھی ہیں اور محب وطن بھی ہیں تو کیوں انتقام لیا جارہا ہے مزید ہم سے انتقام نہ لیا جائے اور نہ ہی سزا دی جائے ورنہ مجبوراً آنے والے سوموار کو پشاور اور اسلام آباد میں ناقابل برداشت احتجاج ریکارڈ کریں گے۔