لاہور(صباح نیوز) پہلی چیف آف آرمی سٹاف نیشنل انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ 2022 کا قومی سطح کا راؤنڈ لاہور میں باقاعدہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔ چیمپئن شپ کا آغاز 72 اضلاع اور 718 کلبوں کے ساتھ ہوا جس میں پورے پاکستان میں ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی سطح پر مقابلہ ہوا۔ پاکستان کے مختلف علاقوں سے 10 کوالیفائنگ ٹیمیں قومی سطح کے ٹائٹل کے لیے مقابلہ کریں گی۔
نیشنل ہاکی سٹیڈیم کمپلیکس لاہور میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاک فوج کے پائپ اور براس بینڈز نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ حصہ لینے والی ٹیموں نے اپنے اپنے ٹیم کے کپتانوں کی قیادت میں اپنے کلب کے جھنڈے اٹھائے گراؤنڈ میں اپنی شرکت کا مظاہرہ کیا۔ لوگوں میں حب الوطنی کے جذبات کو ابھارنے کے لیے سریلی آواز میں قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔ اس موقع پر سابق اولمپیئن اختر رسول مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان ہاکی کے شاندار لمحات کو دکھانے کے لیے شائقین کے لیے ایک مختصر دستاویزی فلم چلائی گئی۔ شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کرنے والی ٹیموں اور قومی کھیل کو سپورٹ کرنے کے لیے شو میں شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی جناب اختر رسول نے شرکاء اور حاضرین سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب کے دوران مہمان خصوصی نے کہا کہ چیمپئن شپ کے انعقاد کا مقصد پاکستان میں گراس روٹ لیول پر نوجوان ٹیلنٹ کو فروغ دے کر ہاکی کلچر کو زندہ کرنا ہے۔ قبل ازیں ہاکی سٹیڈیم لاہور میں ایک استقبالیہ عشائیہ میں ٹرافی کی رونمائی اور کٹ تقسیم کرنے کی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ آخر میں شریک ٹیموں کو سابق اولمپیئنز / لیجنڈ ہاکی پلیئرز نےسووینئرز سے نوازا اور حوصلہ افزائی کی۔