معروف اداکار تنویر جمال انتقال کر گئے


ٹوکیو(صباح نیوز) پاکستان کے معروف اداکار تنویر جمال کینسر کیخلاف جنگ لڑتے لڑتے جاپان میں جان کی بازی ہار گئے۔ اداکار تنویر جمال کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور کچھ عرصہ قبل ہی علاج کی غرض سے جاپان منتقل ہوئے تھے۔

اداکار تنویر جمال نے جاپان میں مختلف ڈاکٹرز کو چیک اپ کرایا تاہم ڈاکٹرز نے نامور پاکستانی اداکار کا طبی معائنہ کرنے کے بعد انہیں یہ کہہ کر جواب دے دیا تھا کہ اگر تنویر جمال کا آپریشن کیا گیا تو ان کی صحت کو مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ تنویر جمال کے ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ کینسر کے باعث اداکار کے پھیپڑے ختم ہو گئے تھے اور ان کا مزید علاج ممکن نہیں تھا۔

اداکار تنویر جمال نے لواحقین میں جاپانی اہلیہ اور تین بچے چھوڑے ہیں۔ تنویر جمال گزشتہ 35 برسوں سے اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے پاکستان میں اہم مقام رکھتے تھے، اداکار کو ان کی بہترین اداکاری پر پی ٹی وی کی جانب سے بیسٹ ایکٹر ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔