ناک کی پلاسٹک سرجری کروانے کیلئے اپنے نومولود بچے کو فروخت کر نے پر ماں گرفتار


ماسکو(صباح نیوز)روسی خاتون کو 3600 ڈالر (7 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے)میں اپنی ناک کی پلاسٹک سرجری کروانے کے لیے مبینہ طور پر اپنے نومولود بچے کو فروخت کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔

مذکورہ عورت نے 25 اپریل کو روس کے جنوبی شہر کاسپیسک کے ایک اسپتال میں بچے کو جنم دیا اور اسے صرف 5 دن بعد والدین بننے کے خواہاں ایک مقامی جوڑے کو فروخت کر دیا۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ اپنے بچے کو جوڑے کو حوالے کرتے وقت اسے 360 امریکی ڈالر دیے گئے جبکہ 4 ہفتے کے بعد خاتون کو مکمل رقم ادا کی گئی۔ بعد ازاں پولیس کو واقعے کی اطلاع مل گئی جس نے اس خاتون کو گرفتار کر لیا۔

یہ واضح نہیں ہے کہ پولیس کو کس نے اطلاع دی لیکن خاتون اور نومولود بچے کو گود لینے والے جوڑے کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔ بچے کو گود لینے والے جوڑے نے مبینہ طور پر تفتیش کاروں کو بتایا ہے کہ خاتون نے انہیں بچہ اور اس کا پیدائشی سرٹیفکیٹ دیا تھا جبکہ براہِ راست مکمل رقم لینے سے انکار کیا تھا۔