کشمیری کل یوم شہدائے کشمیر منائیں گے ،مقبوضہ کشمیر میں کل مکمل ہڑتال ہوگی


سرینگر(صباح نیوز)کنٹرول لائن کے دونوں اطراف کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل یوم شہدائے کشمیر منائیں گے ، مقبوضہ جموں و کشمیر میں13جولائی 1931کے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منائے جانیوالے یوم شہداء کشمیر کے موقع پر کل بدھ کو مکمل ہڑتال کی جائے گی۔

کے پی آئی کے مطابق  ہڑتال کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے 1931کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اعلان کردہ ہفتہ شہداء کا حصہ ہے جبکہ دیگر آزادی پسند تنظیموں نے ہڑتال کی حمایت کی ہے۔لوگ شہداء  و خراج عقید ت پیش کرنے کیلئے سرینگرمیں مزار شہداء نقشبند صاحب میں جمع ہوں گے۔شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کے علاوہ کشمیر کی آزادی کے خصوصی دعاء کی جائے گی ،

اس موقع پر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے،شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مختلف تقاریت ہونگی،آزاد کشمیر پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری اس روز شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مختلف پروگرام کا انعقاد کریں گے ،حریت کانفرنس آزاد کشمیر پاکستان شاخ کے زیر اہتمام بھی ایک خصوصی تقریب ہوگی جس میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا،کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے ایک بیان میں 1931میں آج کے دن ڈوگرہ فوج کے ہاتھوں سرینگرسنٹرل جیل کے باہر شہید ہونے والے22کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مکمل ہڑتال کرنے کی اپنی اپیل کا اعادہ کیا ہے۔یہ شہید ان ہزاروں لوگوں میں شامل تھے جو سنٹرل جیل سرینگر کے باہر عبدالقدیر نامی شخص کے خلاف عدالتی کارروائی کے خلاف اکٹھے ہوئے تھے جس نے کشمیریوں کو ڈوگرہ راج کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کیلئے کہاتھا۔

اس دوران جیسے ہی نماز ظہر کا وقت ہواتو ایک نوجوان اذان دینے کیلئے اٹھا۔ ڈوگرہ فوجیوں نے موذ ن کو گولی مار کو شہید کر دیا جس کے بعد ایک اور نوجوان نے اٹھ کر اذان جاری رکھی اوراسے بھی فوجیوںنے گولی مارکر شہید کردیا۔ اس طرح سے اذان مکمل ہونے تک 22 نوجوانوں نے اپنی جانوں کانذارانہ پیش کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس  ان شہداء کو خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے مقدس لہو نے جموں و کشمیر میں ڈوگرہ حکمرانوں کے ظلم و جبر کے خلاف آزادی کی شمع روشن کی۔حریت قیادت نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر میں حل کر کے نہتے کشمیریوں کو بھارتی افواج کے مظالم سے نجات دلائیں۔