سڈنی(صباح نیوز ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس رواں سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کو جیتنے کی ہر ممکن صلاحیت ہے۔
آئی سی سی کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر گفتگو کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے کہا کہ آسٹریلیا کی پچز عام طور پر بیٹنگ کیلئے سازگار ہوتی ہیں جو واقعی ان حالات میں اچھا کھیل سکتے ہیں۔ کپتان بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین بہترین فارم میں ہیں۔سابق کرکٹر نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ حارث رؤف اور حسن علی بھی بولنگ میں پاکستان کا سہارا ہوں گے، کیونکہ دونوں بہترین کھیل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
آئی سی سی رینکنگ میں قومی ٹیم تیسرے نمبر پر موجود ہے اور گزشتہ ایک سال میں پاکستان نے شارٹ فارمیٹ اچھے نتائج حاصل کیے ہیں، ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کو شکست دینے کے بعد سے قومی ٹیم اس فارمیٹ میں نئے جذبے سے میدان میں اتر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے گزشتہ سال آئی سی سی ٹی20 ولڈکپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا تاہم آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں ٹیم کو شکست دیکھنا پڑی، پاکستان ورلڈکپ کیلئے فیورٹ ٹیموں میں سے ایک ہے۔