رمیز راجاآئی پی ایل ونڈو کی مخالفت کیلئے آج انگلینڈ روانہ ہوں گے


لاہور(صباح نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی سالانہ میٹنگ میں شرکت کیلئے آج انگلینڈ روانہ ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا 15 اور 16 جولائی کو شیڈول ایم سی سی کرکٹ کمیٹی کی میٹنگ میں شریک ہوں گے، بعدازاں برمنگھم گیمز سے قبل آئی سی سی کی سالانہ بورڈ میٹنگز 23 سے 26 جولائی تک ہوں گی، جس میں فیوچر ٹور پروگرامز اور پاکستان کی جانب سے آئی پی ایل ونڈو میں توسیع کی مخالفت میں موقف اپنایا جائے گا۔اسی ملاقات میں رمیز راجا سالانہ 4 ملکی ٹورنامنٹ کے حوالے سے بھی بات چیت آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے، جس میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا اور انگلیںڈ شامل ہیں۔

قبل ازیں گزشتہ ماہ انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی پی ایل کے لیے بطور خاص ڈھائی ماہ کی ونڈو مختص کرنے کا اعلان کیا تھا، پاکستانی کرکٹرز بھارت کے ساتھ سیاسی روابط نہ ہونے کے سبب ایونٹ میں حصہ لینے سے محروم ہیں لیکن ٹورنامنٹ کو ڈھائی ماہ تک بڑھانے سے پاکستان کو بین الااقوامی کرکٹ سے بھی دور رہنا پڑے گا۔واضح رہے کہ بی سی سی آئی کا منصوبہ تمام ٹاپ انٹرنیشنل کرکٹرز کی اپنے ایونٹ میں شرکت لازمی بنانے کا ہے، اس سے باہمی انٹرنیشنل سیریز پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔