لاہور(صباح نیوز)پاکستان کیلئے ایک اور اچھی خبر سامنے آئی ہے،فیفا نے پاکستان کی انٹرنیشنل رکنیت بحال کر دی،فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے رکنیت بحال کرتے ہوئے پاکستان فٹبال پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا ،پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیموں پر انٹرنیشنل فٹبال کے دروازے کھل گئے ہیں، ملکی سطح پر فٹبال سرگرمیوں کا سلسلہ بھی بحال ہوگا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن(پی ایف ایف)کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کے مطابق فیفا نے پاکستان کی انٹرنیشنل رکنیت بحال کر دی،فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے رکنیت بحال کرتے ہوئے پاکستان فٹبال پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا۔چیئرمین ہارون ملک کا کہنا ہے کہ نارملائزیشن کمیٹی کی محنت اور فٹبال فیملی کی دعائیں رنگ لے آئیں، پاکستانی ٹیموں پر عالمی فٹبال کے دروازے کھل گئے ہیں، ملکی سطح پر فٹبال سرگرمیوں کا سلسلہ بھی بحال ہوگا، فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی الیکشن کیلئے پیش رفت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ فیفا نے نارملائزیشن کمیٹی کے مینڈیٹ میں بھی ایک سال کی توسیع کردی۔ پی ایف ایف کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ فٹبال ہاوس پر اشفاق گروپ کا قبضہ پاکستان کی رکنیت معطلی کا سبب بنا تھا، فٹبال برادری کو مبارکباد دیتا ہوں، این سی کی انتھک محنت اور فٹبال فیملی کی دعائیں رنگ لے آئیں، فٹبال کی بحالی، پی ایف ایف الیکشنز کا انعقاد اور اثاثہ جات کی واپسی اولین ترجیح ہو گی۔