سپیشل ٹیکنالوجی زونز کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا، محمود خان


پشاور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ سپیشل ٹیکنالوجی زونز کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا۔

پشاور میں معاہدوں پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ اور شفافیت کیلئے سروس ڈیلیوری بہت ضروری ہے، عمران خان کے وژن کے مطابق ڈیجیٹل پختونخوا بنائیں گے، ابتدائی طور پر خیبر پختونخوا اسمبلی کو پیپر لیس بنائیں گے۔

محمود خان نے کہا کہ سپیشل ٹیکنالوجی زونز کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا، اپنا روزگار شروع کرنے کیلئے نوجوانوں کیلئے ٹریننگ انتہائی اہم ہے۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ سائنس میوزیم بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، ہماری کاموں کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں آئندہ اس سے بھی زیادہ اکثریت سے آئیں گے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے وزیراعلیٰ ہائوس میں معاہدوں پر دستخط کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا جس میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان مہمان خصوصی تھے۔

تقریب میں صوبے میں سٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز کے قیام کے لئے نادرا کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے گئے۔تقریب میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں صوبے کے سات ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں سٹیزن فسلیٹیشن سنٹر قائم کئے جائیں گے اور اس سنٹرز میں شہریوں کو مختلف شہری خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم ہوں گی۔

اس کے علاوہ شہری مختلف نوعیت کی شہری خدمات ویب پورٹل اور موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے بھی حاصل کر سکتے ہیں۔