عمران خان نفرتوں کا سوداگر ہے، بیرونی ممالک سے اداروں پر اٹیک کروا رہا ہے،خواجہ آصف


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سابق وزیراعظم عمران خان کو نفرت کا سوداگر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام اداروں کو اس نے اپنے مخالفین کے خلاف استعمال کیا، یہاں لوگ بیٹھے ہوئے ہیں جنہوں نے جیلیں کاٹی ہیں،جب کینڈین رکن پارلیمنٹ ہمارے اداروں پر تنقید کرتا ہے تو جواب دینا بنتا ہے، مغربی ممالک کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کیوں نظر نہیں آتے ہیں؟ کینیڈا میں بھی مسلمانوں کے ساتھ متعصبانہ رویہ اپنایا جاتا ہے، کینیڈا میں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوتی ہیں جن کا ہمیں علم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے قومی اسمبلی میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ آصف نے عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اتنا بہادر ہے کہ جب تک ضمانت نہیں ملی وہ کے پی سے باہر نہیں آیا، عمران خان نے پاکستان کا ماحول خراب کیا، اختلافات کے باوجود ہمارے اخلاقی تعلقات کبھی خراب نہیں ہوئے، وقت بتائے گا کہ اس نے معاشرے کو کس طرح تباہ کیا؟ ہماری حکومت کو دو ماہ سے زائد ہو گئے ہیں کسی کے گریبان پر ہاتھ نہیں ڈالا، جب تک کوئی قانون کو ہاتھ میں نہیں لے گا اس کے خلاف کارروائی نہیں کریں گے، ہم قومی اداروں کو کسی مخالف کے خلاف استعمال نہیں کریں گے۔

وزیر دفاع نے الزام عائد کیا کہ عمران خان بیرونی ممالک سے ملکی اداروں پر اٹیک کروا رہا ہے، مسجد نبوی واقعے میں ملوث افراد برطانیہ سے آئے ہوئے تھے، بیرون ملک بیٹھ کر اپنے وطن کو کمزور نہ کریں، محبت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر ملک کی پارلیمان کا احترام کرتے ہیں، مغربی ممالک کو روہنگیا میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں نظر نہیں آتیں؟ کینیڈا کے ساتھ پاکستان کے اچھے تعلقات ہیں لیکن کینیڈا سمیت مغربی ممالک کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کیوں نظر نہیں آتے ہیں؟ ہم ہر ملک کی پارلیمنٹ کا احترام کرتے ہیں ، ادھر پارلیمنٹ میں مسئلہ اس لیے اٹھایا کہ وہاں کے رکن نے پارلیمنٹ میں مسئلہ اٹھایا تھا، کینیڈا میں انسانی حقوق کا ریکارڈ سامنے لانا چاہتا ہوں، 5 برس میں کینیڈا میں اسلامو فوبیا میں سر فہرست ممالک میں شامل ہے۔ہمارے آرمی چیف کا کینیڈا کا دورہ شیڈول تھا، کینیڈا کے ممبر پارلیمنٹ نے پاکستان اور پاکستان آرمی کو تنقید کا نشانہ بنایا، ہماری افواج کی وجہ سے عمران خان اقتدار سے محروم ہوا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ کینیڈا میں بھی مسلمانوں کے ساتھ متعصبانہ رویہ اپنایا جاتا ہے، کینیڈا میں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوتی ہیں جن کا ہمیں علم ہے۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پچھلی حکومت نے پاکستان میں عوام کو تقسیم کیا، اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، عمران خان نے پاکستان اور ملک سے باہر بھی پاکستانیوں کا کلچر تباہ کر دیا ہے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یوکرین روس جنگ میں ہم نیوٹرل ہیں، اگر اس کا دسواں حصہ بھی فلسطین اور کشمیر کے معاملے پر توجہ ہوتی تو صورتحال مختلف ہوتی، ہمیں افغانستان کی جنگ کا آلہ کار بنایا گیا،ہم نے افغانستان جنگ کی قیمت ادا کی۔