حافظ نعیم الرحمن نے بلدیاتی انتخابات میں یوسی چیئرمین کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے


کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بلدیاتی انتخابات (یوسی چیئر مین) کے لیے بدھ کو ڈی سی آفس سینٹرل میں کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ،حافظ نعیم الرحمن نے کاغذات نامزدگی نارتھ ناظم آبادکی یوسی 8 الفلاح بلاک اے بی اور ایف کے لیے چیئرمین جبکہ ذوالفقار احمد نے وائس چیئرمین کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ۔اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن، ذوالفقار احمد کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے ۔

قبل ازیں حافظ نعیم الرحمن قافلے کی صورت میں ڈی سی آفس پہنچے جہاں ان کازبردست استقبال کیا گیا اور کارکنان نے تیز ہو تیز ہو جدوجہد تیز ہوکے نعرے لگائے۔اس موقع پر نائب امراء کراچی محمد اسحاق خان، مسلم پرویز، عبد الوہاب، راجا عارف سلطان، امیر ضلع وسطی سید وجیہ حسن، قاضی صدر الدین ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ 24 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میںجماعت اسلامی پورے شہر میں بھرپور طریقے سے حصہ لے رہی ہے،اس سلسلے میں17 جون کو نیو ایم اے جناح روڈ پر ایک بڑا جنرل ورکرزکنونشن ہوگا،جماعت اسلامی کی ”حقوق کراچی تحریک ”نے عوام میں زبردست پذیرائی حاصل کی ہے ،جماعت اسلامی  نے ماضی میں بھی کراچی کے لیے مثالی خدمات انجام دی ہیں ،ہمیں امید ہے کہ اس شہر میں ایک بار پھر سے جماعت اسلامی کا مئیر منتخب ہوگااور اہل کراچی کے مسائل حل کرائے گا، 17 سال سے کراچی کے پانی میں ایک گیلن بھی اضافہ نہیں ہوا،وفاقی و صوبائی حکومتیں کراچی کو کچھ نہیں دے رہی،

عوام کے مسائل مسلسل بڑھ رہے ہیں ،شہر میں ٹرانسپورٹ کا عملاً کوئی نظام موجود نہیں ہے ،جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو بہترین ٹرانسپورٹ فراہم کرے گی،ہم بھرپور طریقے سے شہر میں ترقیاتی کام کروائیں گے،انتخابات کو صاف ، شفاف ،آزادانہ اور منصفانہ ہونے چاہئے،ووٹر لسٹیں درست نہ ہونے کی وجہ سے انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے،ہم صاف شفاف اورآزادانہ انتخابات کے لیے بھی مہم چلائیں گے اور الیکشن کمیشن کو مجبور کریں گے کہ ووٹر لسٹیں درست کرے ۔