بھارت میں نبی کریمۖ کی شان میں گستاخی دو ارب مسلمانوں کی دل آزاری ہے،یہ دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی ہے، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ


خانسپور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے۔ مودی کی فاشسٹ حکمران جماعت کے ترجمانوں کی جانب سے نبی کریمۖ کی شان میں گستاخی دو ارب مسلمانوں کی دل آزاری ہے اور یہ دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی ہے۔

ان خیالات کا اظہارانھوں خانسپور میں تحفظ ناموس رسالتۖ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں فرید پراچہ نے مولانا فضل حسین علوی اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ جامع مسجد تا خانسپور بازار تک پرامن مارچ بھی کیا ۔ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے حکمران انڈیا کو دہشت گرد ملک ڈکلیئر کرانے کے لیے سفارتی محاذ پر کام کریں۔ ہندوتوا کے غنڈوں نے بھارت کے مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔

انڈیا تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے پر پابندی ، مساجد میں اذان کی آواز مدہم، اقلیتوں پر ظلم و ستم جیسے دیگر بے شمار جرائم میں ملوث ہے۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ نبی کریمۖ کی شان میں گستاخی کے خلاف جمعة المبارک کو ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں۔