بھارت کے گستاخانہ ریمارکس قابل مذمت ہیں،انڈین سفیر کو پاکستان سے فوری نکالا جائے


لاہور (صباح نیوز) ملی یکجہتی کونسل پنجاب کے صدر محمد جاوید قصوری نے منصورہ میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ توہین رسالت کسی صورت میں بھی قابل قبول نہیں ۔پاکستان کے غیور مسلما ن ہندوستان کی رسول اللہ ۖ کی شان اقدس میں گستاخی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ تمام دینی جماعتیں اپنے مسلک کے اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک آواز اٹھائیں۔ نریندر مودی کی پارٹی بھارت سے مسلمانوں کو ختم کر رہی ہے۔

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مال روڈ پر عظیم الشان تحفظ ناموس رسالت مارچ کا 11 جون کو انعقاد کیا جا رہا ہے۔جس میں تمام مکاتب فکر کے لوگ ہزاروں کی تعداد میں شریک ہونگے۔وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کو سراہتے ہیں،حکمرانوں سے کہتے ہیں کہ عدالت کے فیصلے کی روشنی میں سود فری بجٹ لایا جائے۔

اس موقع پر سید سبطین حیدر سبزواری ، ذکر اللہ مجاہد، حافظ کاظم رضا،قاسم علی قاسمی ، حافظ نصیر احمد نورانی، میجر عبد المجید ،علی رضا نقوی ،سیدقمر علی ترمذی،مفتی عمر اعوان ،،نوید زبیری، محمد فاروق چوہان ، محمد عمران الحق ،ڈاکٹر احسان ظفر،بابامحمد شفیق ،سید نثار علی ترمذمی و دیگر بھی موجود تھے ۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ سودی نظام کے خاتمے کے حوالے سے وفاقی شرعی عدالت کا دو ٹوک فیصلہ آگیا ہے ۔سپریم کورٹ میں کوئی بینک گیا تو اس کا بائیکاٹ کریں گے۔سودی نظام معیشت کی وجہ سے قوم قرضوں تلے دب چکی ہے۔حکمرانوں کے خلاف اعلان جنگ کریں گے۔مہنگائی بے روزگاری اور لاقانونیت نے عوام کے مسائل میں بے پنا ہ اضافہ کر دیا ہے ۔مسلم لیگ ن،پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف تینوں کو آزما لیا ، مگر کسی ایک نے بھی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کچھ نہیں کیا ۔ اب وقت آگیا ہے کہ قوم ان کو مسترد کر کے دینی و مذہبی لوگوں کو آگے لائیں۔ہم ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں ۔

ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی کے اجلاس منصورہ میں بھارت کی گستاخی اور سودی نظام کے حوالے سے متفقہ طور پر منظور کی گئیں قرارداوں میں کہا گیا ہے کہ یہ اجلاس انڈیا میں حکمران جماعت کے ترجمان کی طرف سے نبی اکرم ۖ کے بارے میں توہین آمیز ریمارکس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ اس سے دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح ہوئے ہیں۔اجلا س حکومت پاکستان کے احتجاج کو نا کافی سمجھتا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بھارتی ناظم الامور کو ملک بدر کیا جائے ۔ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ بی جے پی کی ترجمان ملعونہ نوپور شرما اور نوین کمار جندال کی طرف سے گستاخی رسول کا جرم ناقابل معافی ہے۔ امت مسلمہ کا فرض بنتا ہے کہ وہ متحد ہو کر ہر قیمت پر ناموس رسالت کا تحفظ کرے۔پاکستان فی الفور او آئی سی کا اجلاس منعقد کروائے۔ تمام مسلم ممالک کے حکمران انڈین مصنوعات کا مکمل طور پر بائیکاٹ کریں اور انڈیا سے ہر قسم کے تعلقات کو منقطع کریں۔اجلاس 11جون بروز ہفتہ سہ پہر 4بجے مال روڈ پر جماعت اسلامی لاہور کے” تحفظ ناموس رسالت مارچ ” کی تائید کرتا ہے اور زندہ دلان لاہور سے اپیل کرتا ہے کہ وہ عظیم الشان مارچ میں شریک ہو کر محبت رسول ۖ کا مظاہرہ کریں اور انڈیا میں ہونے والی گستاخی رسول کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کریں۔دنیا بھر میں موجود دینی اور مذہبی جماعتوں، اداروں، این جی اوز اور معروف شخصیات اس توہین آمیز رویے پر اپنے اپنے فورمز پر ریلیوں، مظاہروں اور مجالس کا اہتمام کریں۔ جس میںنبی اکرم ۖ کی ناموس رسالت کی حفاظت اور بھارت کے توہین آمیز عمل پر شدید الفاظ میں مذمت کریں۔

آج کا یہ اجلاس جماعت اسلامی کی سود کے خلاف طویل جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وفاقی شرعی عدالت کے تاریخ ساز فیصلے کی روشنی میں سودی نظام کے خاتمے کا اعلان کیا جائے اور سود کے مکمل خاتمے کا روڈ میپ دیا جائے۔ حکومت سودی نظام معیشت کے خاتمے اور اسلامی نظام معیشت کی ترویج کے لیے موثر اور ٹھوس لائحہ عمل تشکیل دے تاکہ اسلامی نظام معیشت کے قیام کا راستہ ہموار ہوسکے۔

ملی یکجہتی کونسل پنجاب کا یہ اجلاس حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہعقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت ۖکا تحفظ ہمارے ایمان و عقیدہ کا اہم ترین حصہ ہے اور ان عقائد کے حوالہ سے آئین کے ہر آرٹیکل اور قانون کی ہر شق کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں ہر طرح کے غیر ملکی دبائو اور اندرونی سازشوں کا مل کر اور ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا