حمزہ شہباز نے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور ہر ضلع میں پرائس کنٹرول کی سرگرمیوں کی آن لائن مانیٹرنگ کیلئے وزیراعلی پنجاب پرائس ڈیش بورڈ کا افتتاح کر دیا


لاہور (صباح نیوز)وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور ہر ضلع میں پرائس کنٹرول کی سرگرمیوں کی آن لائن مانیٹرنگ کیلئے آج وزیراعلی پنجاب پرائس ڈیش بورڈ کا افتتاح کر دیا۔ڈیش بورڈ پر پرائس مانیٹرنگ کے لیے اضلاع میں ڈپٹی کمشنرزاور اسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ ضلع کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کارکردگی کی آن لائن مانیٹرنگ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔

وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز روزانہ خود بھی ڈیش بورڈ کے ذریعے پرائس کنٹرول کے لئے اضلاع کی کارکردگی کو مانیٹر کریں گے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی زیر صدارت وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں پرائس کنٹرول میکنزم کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب پرائس ڈیش بورڈ کو بھی لانچ کیا گیا۔تمام ڈویژنل کمشنرز اور ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنرز وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے انتظامی افسران کو پرائس کنٹرول اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ضروری ہدایات دیں۔اجلاس میں صوبہ بھر میں پرائس کنٹرول کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ سیکرٹریز نے رپورٹ پیش کی۔

وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز، اسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کارکردگی  پرائس کنٹرول سے منسلک ہوں گی۔اچھی کارکردگی پر متعلقہ ضلع کے افسروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور خراب کارکردگی پر جواب طلبی ہو گی۔ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنر ڈیش بورڈ پر صبح 10بجے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو اپ لوڈ کرنے کے پابند ہوں گے۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہبازنے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے عوامی شکایات درج کرانے کیلئے ٹول فری نمبر لانچ کرنے کا اعلان کیا اور ہدایت کی کہ آئندہ 3 روز میں ٹول فری نمبر لانچ کرنے کے حوالے سے فوری ضروری اقدامات کئے جائیں۔

وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے صوبائی وزرائ، پولیٹیکل اسسٹنٹس اور سیاسی رفقاء کو فیلڈ وزٹ کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی وزراء اور پولیٹیکل اسسٹنٹس کو فیلڈ وزٹ کے لئے اضلاع تفویض کئے جائیں گے۔پرائس کنٹرول کے لئے یونین کونسل کی سطح پر فیلڈ وزٹ کئے جائیں۔نچلی سطح پر عوام کو ریلیف دینے کیلئے آپ سب کمر کس لیں۔انہوں نے کہا کہ کمروں میں بیٹھ کر زمینی حقائق کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔عام آدمی مشکل میں ہے، ہم نے مل کر عام آدمی کو ریلیف دینا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت نہ دینے کے لئے وفاقی حکومت کو باضابطہ خط لکھے گی۔انہوں نے کہا کہ اچھا کام کرنے والی ملوں کے لئے سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھائیں گے۔ صوبہ بھر میں سستے آٹے کی سپلائی بلا تعطل جاری رکھنے کے لئے انتظامی افسران کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے صوبہ بھر میں یوریا کھاد کی سپلائی اور فراہمی کے میکانزم کو مزید موثر اور بہتر بنانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مخلوق خدا کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔ٹماٹر اور پیاز کی آنے والے دنوں میں قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی پلان تیار کیا جائے اوراس ضمن میں ایڈوانس لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔سیاسی رفقاء اور انتظامی افسران فیلڈ میں نکلیں گے تو حقائق سے آگاہی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ عوام تکلیف میں ہیں، مہنگائی کے ذمہ داروں کی چیخیں نکلیں مجھے پرواہ نہیں۔ عام آدمی کی زندگی میں آسانی لانے کیلئے آخری حد تک جاوں گا۔سردار اویس لغاری، چوہدری  محمد اقبال، بلال یاسین،عطا تارڑ، معاویہ اعظم، ملک ندیم کامران،ذیشان رفیق، رمضان صدیق بھٹی، سائرہ افضل، پولیٹیکل اسسٹنٹس، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی