کراچی(صباح نیوز) سندھ پولیس نے تاریخ رقم کردی، پہلی مرتبہ زخمی اہلکار کی زندگی بچانے کے لئے ایئر ایمبولینس کا استعمال کیا گیا۔ دو قبائل کے جھگڑے کے دوران زخمی ہونے والے اہلکار کی زندگی بچانے کے لئے پہلی بار ایئر ایمبولینس کا استعمال کیا گیا۔
کشمور میں دو قبائل میں جھگڑا ہوا تھا، علاقے میں گولیاں چل رہی تھیں۔ پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی تو سب انسپکٹر نبی بخش کے سر میں گولی لگی۔زخمی اہلکارکو رحم یار خان کے اسپتال منتقل کیا گیا تو وہاں ڈاکٹروں نے جواب دے دیا یہ بھی کہا کہ اس کی زندگی بچانے کے لئے فوری کراچی پہنچانا ضروری ہے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کو پتہ چلا تو انہوں نے فوری طور اہلکار کی زندگی بچانے کے لئے سندھ حکومت سے رابطہ کیا۔ غلام نبی میمن کی درخواست پر فوری طور پر ایئر ایمبولینس کا استعمال کیا گیا اور زخمی اہلکار کو رحیم یار خان سے کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
نجی اسپتال پہنچنے پر اہلکار فوری طور پر آپریشن کیا گیا اور اب اہلکار کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔