ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی بی جے پی انتہا پسند ترجمان کی ہرزہ سرائی، رحمت اللعالمینۖ کی شان میں گستاخانہ بیانیے کی شدید مذمت


لاہور (صباح نیوز)ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر زبیر، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور مرکزی رہنماؤں سید ثاقب اکبر، سید ہارون گیلانی، قاری یعقوب شیخ، حافظ عبدالغفار روپڑی، گلزار نعیمی، عبداللہ گل، علامہ عارف واحدی، علامہ زبیر ظہیر، سید ناصر شیرازی، رضیت باللہ اور مولانا اللہ وسایا نے مشترکہ بیان میں ہندوستان کی حکمران جماعت کے دہشت گرد، انتہا پسند ترجمان کی ہرزہ سرائی، رحمت اللعالمینۖ کی شان میں گستاخانہ بیانیے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان انتہا پسندوں اور دہشت گرد متعصب گروہ کے زیر قبضہ ہے۔ بی جے پی کے ہاتھوں تمام مذاہب نشانہ پر ہیں۔ بی جے پی کی گستاخ نوپوشرمار اور نوین کمار کی رکنیت معطلی ہی کافی نہیں، ہندوستان عالمِ اسلام سے معافی مانگے، مسلمانوں کے مذہبی عقائد، مقدس ہستیوں کے تقدس کی حفاظت اور بھارت میں مسلمانوں کی مساجد اور مدارس کی حفاظت کی ضمانت دی جائے۔ پوری دنیا ہندوستان کے مذہب بیزار اور اقلیتوں کے حقوق کی پامالی پر مبنی بیانیے اور ریاست جموں و کشمیر میں مسلمانوں کے قتلِ عام کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے۔ جب تک ہندوستان سدھر نہ جائے اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور قراردادوں پر عملدرآمد نہ کرے، اِس کا سماجی اور معاشی بائیکاٹ کیا جائے۔ پورے ملک کی مساجد میں خطابِ جمعہ اور احتجاجی مظاہروں کے ذریعے ہندوستان میں پیغمبرِ اسلامۖ کی شان میں گستاخی اور مسلمانوں کے بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف ایمان افروز جذبات کا اظہار کیا جائے۔