بی جے پی کی ترجمان کا گستاخانہ بیان قابل مذمت ، بھارتی سفیر کو ملک بدر کیا جائے،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی ترجمان کی جانب سے گستاخانہ بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی سفیر کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک بدر کیا جائے۔ ملعون نوپوشرما اور نوین کمارکی سوچ سے واضح ہوگیا کہ مودی حکومت مسلمانوں کے خلاف کس قدر تعصب کا شکار ہے۔ حکومت پاکستان، بھارت کے ساتھ ہر قسم کے بیک ڈور تعلقات اور مذاکرات ختم کر ے۔ ہندوستان کی مصنوعات کا مستقل بائیکاٹ کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔ اور اس گھناؤنی حرکت کے پیچھے مودی سرکار اور آر ایس ایس کارفرما ہے۔ ہندوستان میں اقلیتوں پر جس طرح عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے وہ بھی پوری دنیا کے سامنے ہے۔ عالمی برادری ان سازشوں کا نوٹس لے کر ہندوستان میں آباد اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کو رکوائے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے مودی حکومت بر سر اقتدار آئی ہے، بھارت میں میں مسلمانوں کے خون کی ندیاں بہائی جارہی ہیں۔ مسلمانوں سمیت اقلیتوں کا قتل عام کیا جاتا ہے مگر مجال ہے کہ اقوام متحدہ سمیت کسی بھی انسانی حقو ق کی علمبردار این جی او نے اس کے حوالے سے بات کی ہو ۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ دنیا میں بڑھتے ہوئے اسلام فوبیا کا سختی سے نوٹس لیا جانا چاہیے اور اس حوالے سے تمام مسلم ممالک اور اوآئی سی کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے ۔فاشسٹ مودی بھارت میں اقلیتوں کی مذہبی آزادی کو پامال کررہا ہے