مقبوضہ کشمیر میں لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پنجاب کے صوبائی حلقہ جات کے ضمنی انتخاب میں بھرپور حصہ لے گی۔صوبائی حلقوں میں جماعت اسلامی کے امیدواران ترازو نشان پر مہم چلائیں گے، مقبوضہ کشمیر میں لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،پاکیزہ خون اور اسلام کی بیٹیوں کی  لٹی عصمتیں آزادی کا ذریعہ بنیں گی۔ہندوستان کے ناجائز قبضہ اور فاشسٹ مودی کے اقدامات کے خلاف مزاحمت اور آزادی کی جدوجہد بنیادی حق ہے۔پی ٹی آئی کی ناکام حکومت کے بعد اتحادی حکومت نے ناکامیوں کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔

منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے سامنے عمران حکومت سجدہ ریز ہوئی، اتحادی حکومت بدترین شرائط کے خاتمہ کی بجائے سرنڈر کرکے عوام کے لیے عذاب بن گئی ہے۔پی پی پی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کا طرز حکمرانی فرسودہ، ذاتی مفادات کے تحفظ اور عوام کی تباہی پر مبنی ہے۔جماعت اسلامی ملک وملت کو بحرانوں سے نجات دلائے گی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ کرپشن، بدانتظامی، سودی معیشت اور قرضوں کی لعنت نے پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کے لیے بڑے خطرات پیدا کردیے ہیں۔پاکستان کے اقتصادی نظام کو اشرافیہ کے نازنخروں اور عیاشیوں کی معیشت بنادیا گیا ہے۔معاشی، مالیاتی پالیسیاں اشرافیہ، کرپٹ مافیا کے مفادات کے تحفظ یا ان کے دبا کے تحت بنائی جاتی ہیں۔قومی معیشت کی بحالی اعلانات، تقریروں اور عوام کو بے وقوف بنانے والیاعلانات سے نہیں بلکہ خودانحصاری اور کرپشن سے پاک اسلامی معاشی نظام کے نفاذ سے ہی ممکن ہے۔وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے بعد عالمی برادری کے ساتھ بات چیت کی جائے اور نئے معاشی نظام کی بنیاد پر مستقبل کا ایکشن پلان بنایا جائے۔ملک بھر کے معاشی ماہرین آگے آئیں اور اسلامی معاشی نظام کے نفاذ کے لیے کردار ادا کریں۔

لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے رہنماؤں شیخ عقیل الرحمن اور تنویر انور خان سے ملاقات میں کہا کہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔پاکیزہ خون اور اسلام کی بیٹیوں کی  لٹی عصمتیں آزادی کا ذریعہ بنیں گی۔ہندوستان کے ناجائز قبضہ اور فاشسٹ مودی کے اقدامات کے خلاف مزاحمت اور آزادی کی جدوجہد بنیادی حق ہے۔حق خود ارادیت جموں و کشمیر کے عوام کا بنیادی انسانی حق ہے۔آزاد کشمیر اور پاکستان سے مشترکہ مربوط حکمت عملی اور جدوجہد ضروری ہے تاکہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا جائے۔پاکستان کے حکمرانوں پر یہ واضح کرناہوگاکہ تحریک حریت کشمیر کو ابہام اور تضادات کے گرداب میں گم نہ کیا جائے۔یہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے،جماعت اسلامی کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی،ہمیشہ آزادی کی جدوجہد کے ہم رکاب اور پشتیبان رہیں گے۔