بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی جان ہوتے ہیں۔ صوبے میں آزادانہ،صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے،محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ ایک مظلوم صوبہ ہے،پیپلزپارٹی صوبہ میں تسلسل کے ساتھ اقتدار میں رہنے کے باوجود عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے، تیل گیس زراعت سمیت قدرتی نعمتوں سے مالا مال اہلیان سندھ آج پینے کے صاف پانی صحت و تعلیم جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ ان تمام مسائل کا حل اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں عوام ایسے نمائندوں کو منتخب کریں جو ان کے دکھوں کا مداوا کریں۔ ارکان جماعت بلدیاتی انتخابات میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ منصورہ میں اجتماع ارکان سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی جان کہلاتے ہیں۔جن کے ذریعے گلی محلوں کے مسائل حل کرنے کے ساتھ عوام الناس تک پارٹی کی دعوت و پیغام پہنچانے کا بھی ذریعہ ہوتے ہیں۔شیڈول اعلان ہونے کے باوجود سندھ کی حکمراں جماعت و اسکے اتحادیوں کا عدالت کے ذریعے بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنا تشویشناک عمل ہے۔ سندھ میں پرامن، آزادانہ اور صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ اللہ کے دین کی سربلندی اور عوام کے حقوق کے لیے باطل سے ٹکرانا جھاد ہے۔ آپ صہ نے مدینہ کی مثالی ریاست قائم کرکے امن و خوشحالی کا بھترین نظام قائم کیا۔ ہماری تمام تر جدوجہد کا مقصد اللہ کے دین کی سربلندی ہے جو اللہ کے لیے جدوجہد کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ان کے لیے تمام راستے کھول دیتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات سے لیکر دعوت دین تک ہماری تمام تر جدوجہد کا مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا ہونا چاہئے۔ امیر ضلع مولانا فقیر محمد، مدیر جامعہ مولانا احسن بھٹو، حافظ لطف اللہ بھٹو اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی اس موقع پر موجودتھے۔