کراچی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے شہر بھر میں MUZZسمیت مختلف کمپنیوں کی جانب سے لگائے گئے غیر اخلاقی بل بورڈز پر گھری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آئین پاکستان وقرآن وسنت سے متصادم اخلاق باختہ بل بورڈز کا نوٹس لیکر فوری طور پر ہٹایا جائے اور Muzzکی ویب سائٹ پر پابندی لگائی جائے۔چندٹکوں کے عیوض صوبائی وشہری حکومت اوراداروں کی بے حسی لمحہ فکریہ ہے ۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اسلام وکلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آیا تھا، دستور پاکستان میں بھی واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ یہاں کوئی بھی چیز قرآن وسنت سے متصادم نہیں ہوگی مگر بدقسمتی سے غیروں کے غلام حکمرانوں کے دور میں سودی نظام معیشت اللہ اور رسولۖ سے اعلانیہ جنگ اور مادر پدر آزادی کے نام پر شہر میں اخلاق باختہ بل بورڈ لگاکر نسل نو کو بے راہ روی کی طرف دھکیلا جارہا ہے جس کی وجہ سے آج ہمارا معاشرہ انارکی کا شکار ہے
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئے روز معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں جبکہ کم عمر بچیاں گھروں سے بھاگ کر کورٹ میرج کررہی ہے جس سے پورا معاشرہ انتشار اور بے راہ روی کا شکار ہوچکا ہے، اسکولوں،کالجز اور یونیورسٹیوں میں نشہ عام ہوتا جارہا ہے،موسیقی کے پروگرامات میں ناچ گانے کے ذریعے ہمارے مشرقی تہذیب کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں ایسے میں کسی کا بھی گھر محفوظ نہیں ہے اسلئے ہمارا پرزور مطالبہ ہے کہ کراچی سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں ایسے اخلاق باختہ اشہتارات پر پابندی،بل بورڈز کو ہٹایا جائے ۔
علاوہ ازیں امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے کنری کے سینئر صحافی اورسابق صدر عبدالمجید میمن کی اہلیہ کی وفات پردلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اورپسماندگان ولواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے،صوبائی امیر نے ٹھٹھہ کے سینئر صحافی خالدلطیف میمن کی وفات پربھی دلی دکھ وافسوس کا اظہار کیا۔