کراچی(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ اہل ایمان میں ایسے لوگ موجود ہیں جو اللہ سے کئے عہد کو آخری سانسوں تک بہترین انداز میں نبھاتے ہیں،یہ تحریک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔جن کے پیچھے چھوڑے ہوئے عمل کے نقوش سے تحریک نمو پاتی ہے اور آگے کی جانب اپنا سفرجاری رکھتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کراچی میں گوشہ عافیت کی نائب نگران یاسمین نقی کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ یاسمین نقی ایک درد دل رکھنے والی جرات مند اور اللہ کے سامنے سربسجود رہنے والی نیک خاتون تھیں اور ان کی نیکیوں اور اچھائیوں کا سلسلہ ان کے رخصت ہونے پر ہی ختم نہیں ہوگیا بلکہ خدمت کے جذبے کے تحت گوشہ عافیت میں بوئی ہوئی حسنات کی ایک فصل چھوڑ کرگئی ہیں، جوان کے لیے صدقہ جاریہ اور ہمارے لئے عمل کا نمونہ ہے۔
یاسمین نقی کے ساتھ باہمی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دردانہ صدیقی نے کہا کہ ہمیشہ ان کا مسکراتا ہوا ہشاش بشاش چہرہ دیکھا،وہ محبتیں بانٹنے کا استعارہ تھیں۔ بڑے سے بڑے انتظامی معاملات یا گوشہ عافیت میں موجود خواتین کے مسائل کو تحمل کے ساتھ حل کرتی تھیں، وہ اس حال میں رخصت ہوئیں کہ دنیاوی معاملات میں کوئی کجی نہ چھوڑی گویا وہ اپنے رب سے ملاقات کے لئے تیار تھیں۔ بیماری میں صبر سے وقت گزارا۔ میں نجی مصروفیات کی وجہ سے آخری وقت میں باوجود کوشش کے ملاقات نہ کر سکی،جس کا ہمیشہ افسوس رہے گا۔
یاسمین باجی نے اپنی اولاد کی بہترین تربیت کر کے انھیں تحریک سے جوڑا،آج اس تعزیتی ریفرنس میں ان کی بہوئیں بیٹیاں گواہی دینے کے لئے موجود ہیں۔آخری وقت تک گوشہ عافیت کی خواتین اور بچیوں کا خیال رہا کہ ان کے لئے عید کے تحائف تیار کروائے۔جو انتقال کے بعد انھیں دئیے گئے۔وہ ایک سادہ طبیعت کی صاف دل خاتون تھیں، رب تعالی ان سے راضی ہو جائے اور ہم سب کو حقیقی اطاعت و بندگی کی توفیق دے۔تعزیتی ریفرنس سے ڈپٹی سیکرٹری عطیہ نثار، طلعت ظہیر،نگران گوشہ عافیت جہاں آرا مظفر اور دیگر گھر کے افراد نے بھی اظہار خیال کیا اور مرحومہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔