کراچی(صباح نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرہ کیس میں پولیس کی پیشرفت رپورٹ مسترد کرتے ہوئے لڑکی کو ہرصورت پیر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں نمرہ کاظمی کی بازیابی سے متعلق کیس میں پولیس نے دعا زہرہ کیس کی پیشرفت رپورٹ پیش کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
جسٹس آغا فیصل نے کہا کہ دعا زہرہ کیس کے ساتھ اس کیس کو سنیں گے، آئی جی سے کہہ دیں کہ لڑکیاں پیش نہ کیں تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی، پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہی یہ ہے، ہمارے پاس آئی جی کے خلاف کارروائی کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہ گیا۔
عدالت نے کہاکہ آئی جی بننے کے لیے اور بہت ہیں، پولیس ہمارے ساتھ مذاق کر رہی ہے کیا ہم نہیں جانتے۔ سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی سندھ کو پیر کو 11 بجے طلب کرلیا جبکہ عدالت نے دعا زہرہ اور نمرہ کاظمی کو ہر صورت اسی روز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
عدالت نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو بھی دعا زہرہ اور نمرہ کاظمی کی بازیابی میں معاونت کی ہدایت کی ہے۔
عدالت نے کہا کہ ہر صورت آئی جی سندھ کے خلاف براہ راست کارروائی ہوگی، اب بہت ہوگیا، آئی جی کو خود جواب دینا ہوگا۔