کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اورنگی ٹائون سمیت ضلع غربی کے بیشتر علاقے پانی کے شدید بحران کا شکار ہیں ،جس کی بنیادی وجہ واٹر بورڈ کے عملے کی ملی بھگت سے پانی کی چوری ، غیر منصفانہ تقسیم اور ٹینکرز مافیا کے ہاتھوں مہنگے داموں فروخت ہے ،یہاں سے ووٹ لینے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے پانی کا مسئلہ حل نہیں کرایا ،عوام دھوکہ دینے والوں سے جان چھڑائیں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ،جماعت اسلامی نے حکومت میں نہ ہونے کے باوجود ضلع غربی کے مکینوں کے شناختی کارڈز کے مسائل حل کرائے ،کے الیکٹرک کے ظلم اور لوٹ مار کے خلاف آواز بلند کی اور عوام کا مقدمہ ہر فورم پر لڑا ،ہم واٹربورڈ ہیڈآفس پر دھرنے میں متنبہ کرچکے ہیں کہ واٹر بورڈ نے اگر اپنا رویہ نہ بدلا اور پانی کے مسائل حل نہ ہوئے تو پمپنگ اسٹیشن کا گھیرائو کریں گے اور عوام کو پانی دلوائیں گے ۔ کراچی میں پانی کی ضرورت 1600ملین گیلن سے زیادہ ہے لیکن صرف 550 ملین گیلن فراہم کیا جاتا ہے اور اس میں سے بھی 40فیصد پانی چوری اور لیکیج کے باعث ضائع ہوجاتا ہے ،جس کی تمام تر ذمہ داری سندھ حکومت اور واٹر بورڈ پر عائد ہوتی ہے ۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت 29مئی کو مزار قائد سے نکلنے والے ”حقوق کراچی کارواں ”کے لیے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ضلع غربی کے دورے کے دوران متعدد مقامات پر کارنر میٹنگز اور استقبالی شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے ضلع غربی میں بلدیاتی انتخابات کے لیے جماعت اسلامی کے چیئرمین و وائس چیئر مین یوسی نامزد امیدواروں کا بھی اعلان کیا ۔
اس موقع پر امیر ضلع غربی مدثر حسین انصاری ، مومن آباد یوسی 8کے عزیزخان ،یوسی 8کے نامزد چیئر مین اسماعیل صدیقی ،وائس چیئر مین اسعد خان ،یوسی 21کے سابق چیئر مین عبدالقیوم ،یوسی 2کے نامزد چیئر مین نصراللہ ،وائس چیئر مین رائو خورشید ،یوسی 1مومن آباد کے نامزد چیئر مین ذوالفقار عباسی ، وائس چیئر مین نجم الثاقب اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔دورے کے دوران حافظ نعیم الرحمن نے قصبہ کالونی علی گڑھ ،شاہ محلہ فقیر کالونی ،مومن آباد ،سیکٹر 10غوثیہ چوک ، شاہ ولی اللہ نگر ،مہاجر کیمپ ،ڈسکو موڑ،سیکٹر12سمیت دیگر مقامات پر کارنر میٹنگز سے خطاب کیا ۔
قبل ازیں ان علاقوں میں حافظ نعیم الرحمن کا پرتپاک استقبال کیا گیا ،ہار پہنائے گئے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ،عوام کے اندر زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آیا ،عوام نے بجلی، پانی سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا ، حافظ نعیم الرحمن نے عوام کو 29مئی کے کارواں کراچی میں شرکت کی دعوت دی اور اپنا شاندار استقبال کرنے پر اظہار تشکر کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ عوام کو بجلی ،پانی ،ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی فراہم کریں، لیکن جب عوا م کو یہ سب کچھ نہ ملے گا تو وہ مجبوراََاحتجاج کریںگے ۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں کئی ماہ سے سیاسی افراتفری چل رہی ہے اور بدقسمتی سے کسی بھی حکومتی یا اپوزیشن پارٹی کے ایجنڈے میں کراچی شامل نہیں ہے ،جماعت اسلامی وفاقی وصوبائی حکومت سے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد کررہی ہے ،جماعت اسلامی نے ہی ماضی میں عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان کے دور میں کراچی کی مثالی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی ہم ہی عوام کے مسائل حل کرائیں گے ،ہم سابق میئر وسیم اختر کی طرح 4سال تک اختیارات و وسائل کا رونا رونے کے بجائے عوام کی حقیقی خدمت کریں گے ،عوام بلدیاتی انتخابات میںترازوکے نشان پر مہر لگا کر جماعت اسلامی کے اہل اور دیانت دار امیدواروں کو منتخب کروائیں ،ہم عوام کو ہر گز مایوس نہیں کریںگے ۔
مولانامدثر حسین انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اورنگی ٹائون اور ضلع غربی کے عوام کے پاس سنہری موقع ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ اور روشن بنائیں ،جماعت اسلامی نے اورنگی کے عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے ہر فورم اور ہر سطح پر آواز بلند کی ہے ،سڑکوں پر احتجاج کیا ہے ،عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا اور آئند ہ بھی جماعت اسلامی ہی عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے ۔