پاکستان کے کسی شہر میں جلسے کیلئے کوئی درخواست نہیں دی گئی محض خونی مارچ کی دھمکیاں دی گئیں، سعد رفیق


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوا بازی خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان کے کسی شہر میں جلسے کیلئے کوئی درخواست نہیں دی گئی محض خونی مارچ کی دھمکیاں دی گئیں۔ جتھہ بندی کے ذریعے اسمبلیوں کی تحلیل پردبائو ڈالا جارہا ہے۔ ایک کانسٹیبل کوگولی مارکرشہیدکیا جاچکا،مہلک اسلحہ پکڑاگیا۔ایسے میں کم از کم طاقت استعمال کرکے فسادیوں کو روکنے کے سواکوئی راستہ نہیں۔

ان خیالات کااظہار خواجہ سعد رفیق نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ خواجہ سعدرفیق کا کہنا تھا کہ 2014کیخونی دھرنے کے بعدپی ٹی آئی کے دعوئوں اور وعدوں پر اعتبار ممکن نہیں ۔ فیض آباد دھرنا کیس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کا واضح فیصلہ سنگ میل ہے۔ ان فسادیوں کوکسی بندوبست کے تحت اسلام آباد آنے یا جتھہ بندی کی اجازت دی گئی توآئینی حدود اورآئینی اداروں کاتحفظ ناممکن ہو جائیگا۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ آپکو ملک بھر میں جلسوں سے نہیں روکا گیا۔واضح رہے کہ ملک کی تقریبا تمام سیاسی جماعتیں ایوان اور حکومت میں متحدہیں ۔ریاست ایک جھوٹے انا پرست بدعہد کی خواہشات کی بھینٹ نہیں چڑھ سکتی۔