وزیراعلی کا پنجاب میں جیل اصلاحات میں ترامیم کا فیصلہ


لاہور(صباح نیوز) وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے قیدیوں کی فلاح و بہبود کے پیش نظرپنجاب میں جیل اصلاحات میں ترامیم کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت جیل اصلاحات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا،جس میں عبدالعلیم خان، خواجہ سلمان رفیق، علی رضا، عنیزہ فاطمہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خزانہ، آئی جی جیل خانہ جات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی، عائشہ نواز اور ردا قاضی اسلام آباد سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز  نے کہاکہ قیدیوں کے ساتھ جیل ملازمین کو بھی ان کا جائز حق دیں گے، وزیراعلی حمزہ شہباز کی خصوصی ہدایت پر پنجاب پریزنرز رولز میں ترامیم کی تیاریاں شروع کردی گئیں،

حمزہ شہباز نے کہا کہ پریزنرزرولز کو آسان بنائیں تا کہ قیدیوں کو بنیادی سہولتیں مل سکیں، فرسودہ قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے، ہم نے جیل نظام میں ایسی اصلاحات لانی ہیں جس سے قیدیوں کو بنیادی سہولتیں میسر ہوں، آپ سب کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ رولزقیدیوں کیلئے ہیں، قیدی رولز کیلئے نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے فیصلے کریں جس سے قیدیوں کے لئے آسانیاں پیدا ہوں، جیلوں میں قیدیوں کے لئے کھیلوں کی سہولتیں فراہم کی جائیں، بیرکس میں ائرکولرز لگانے کے کام میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، جیلوں میں بوسیدہ بلڈنگزکی تعمیر و مرمت کا جامع پلان تیار کیا جائے۔

حمزہ شہباز نے کہاکہ قیدیوں کے کھانے کے لئے فنڈز میں مزید اضافہ کیا جائے، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے عملے کے ذریعے کھانے کی کوالٹی کو باقاعدہ چیک کیا جائے، جیلوں میں فیملی رومز کے استعمال کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں، جیل ہسپتالوں میں ضروری مشینری اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے، 7روز کے اندر جیل ریفارمز کے حوالے سے حتمی تجاویز پیش کی جائیں، بہت میٹنگز ہو چکیں، اب فیصلے کر کے قیدیوں کو ریلیف دینے کا وقت ہے۔