لانگ مارچ، لاہور میں راوی پل اور جی ٹی روڈ بند


لاہور(صباح نیوز)لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے پیش نظر سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں۔

لاہور میں راوی پل کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا اور پل پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔اس کے علاوہ جی ٹی روڈ پر دونوں اطراف کی ٹریفک روک دی گئی۔

راوی پل بند ہونے کے باعث شہری موٹر سائیکل کشتی پر رکھ کر راوی پل عبور کرنے پر مجبور ہیں جبکہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے کشتی والوں نے ریٹ بڑھا دیئے۔

دوسری جانب حکومت نے پنجاب سے اسلام آباد جانے والے تمام راستوں کو بند کردیا۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع کے داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے گئے  جس کے تحت اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند ہیں۔

  صوبے کے تمام اضلاع سے اسلام آباد جانے والی ٹرانسپورٹ بند کردی گئی ، کوئی بھی شخص لانگ مارچ میں ضلع سے باہرنہیں نکل سکے گا جبکہ اس سلسلے میں تمام ٹرانسپورٹرز کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔

ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی کہ کوئی بھی اپنی گاڑی لانگ مارچ کے شرکا کو نہیں دے گا۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کیا ہے جس کے بعد پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔