لانگ مارچ گرفتاریوں کیخلاف درخواست،چیف سیکرٹری پنجاب،آئی جی سے رپورٹ طلب


لاہور (صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں رکاوٹوں اور گرفتاریوں کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس سے کل رپورٹ طلب کر لی۔

عدالت نے کیس کی سماعت منگل کے روز ہی دوبارہ کرنے کی پی ٹی آئی کی استدعا مسترد کردی۔

درخواست پاکستان تحریک انصاف لائرزونگ کے وکیل کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ درخواست گزار وکیل نے کہا کہ پولیس غیر قانونی طور پر وزیر داخلہ کے حکم پر پی ٹی آئی کے رہنمائوں اور کارکنوں کو ہراساں کررہی ہے، انہیں گھروں سے اٹھایا جارہا ہے اور گرفتاریاں کی جارہی ہیں، جبکہ لانگ مارچ روکنے کے لئے غیر قانونی حربے اپنائے جارہے ہیں۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ غیر قانونی گرفتاریوں کو روکا جائے اور اس کے ساتھ، ساتھ لانگ مارچ کے شرکاء کو سکیورٹی بھی فراہم کی جائے۔ اس پر جسٹس چوہدری عبدالعزیزنے ریمارکس دیئے کہ اس سے قبل جو حکومت آئی تھی اس نے بھی ایسا ہی کیا تھا،

پی ٹی آئی نے ٹی ایل پی، (ن)لیگ اور جے یو آئی (ف)کے خلاف بھی اسی طرح کی کارروائیاں کی تھیں۔ عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس کو کل تک رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔