نوبشاہ(صباح نیوز)تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ حکومت نے ڈاکٹر شیریں مزاری کو گرفتار کرکے تمام حدیں پار کرلیں، بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو اٹھایا جارہا ہے۔
انہوں نے انصاف ہائوس نواب شاہ میں ڈویژنل صدر عنایت رند کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پاکستان میں امپورٹڈ حکومت نے گھبراہٹ دکھا دی ہے ، ہمیں اس بات کا اندیشہ تھا جو انہوں نے آج یہ عمل کیا ہے ،گذشتہ شب کراچی میں ہمارے ایم این اے عالمگیر خان کے گھر پر بغیر وارنٹ کے پولیس نے کارروائی کی پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا مرد اہلکار عالمگیر کے گھر میں داخل ہوئے ،حکومت ریاستی دہشت گردی پر اتر آئی ہے گذشتہ شب عمران خان پر پریشر ڈالنے کے لئے بنی گالا پر پولیس کی بھاری نفری پہنچی۔
علی زیدی نے کہا کہ حکومت نے ڈاکٹر شیریں مزاری کو گرفتار کرکے تمام حدیں پار کرلیں، ڈاکٹر شیریں مزاری پر تشدد کیا گیا ،شیریں مزاری کو 1971 میں والد پر درج مقدمہ میں گرفتار کیا گیا، شاید مقدمہ کے اندراج کے وقت انکی عمر 5سال کے قریب ہو۔امپورٹڈ حکومت کے اس عمل سے صاف ظاہر ہے کہ یہ لوگ گھبرا گئے ہیں، آج شام 7 بجے ملک بھر میں شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا جائے گا ،کارکن احتجاج میں بھرپور شرکت کریں ۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو اٹھایا جارہا ہے ہمارے امیدواروں کو گرفتار کر کے مروایا جارہا ہے الیکشن کمیشن کے ریٹرننگ آفیسر زرداری مافیا کے پریشر میں آکر ہمارے امیدواروں کو نااہل کر رہے ہیں ،الیکشن کمیشن اوچھے ہتھکنڈے استعمال نہ کرے زرداری مافیا نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی دہشت گردی سے گزشتہ 15سال سے جو حکومت چلائی ہے اسکا وقت پورا ہونے والا ہے۔
علی زیدی نے کہا کہ اینکر پرسن صحافی ارشد شریف پر حیدرآباد اور مٹیاری میں مقدمات درج کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،ارشد شریف شا یدکبھی زندگی میں مٹیاری اور حیدرآباد نہیں آیا ہوگا پھر بھی ان پر مقدمہ درج کیا گیا، ارشد سے کہتا ہوں گھبراتا نہیں، قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے ان کے پاس راستہ نہیں، ان سے نہ معیشت سنبھل رہی ہے نہ حکومت سنبھل رہی ہے ہم سپریم کورٹ کو سلام پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے یہ کہا کہ کسی پر مقدمات ختم نہیں ہوں گے، سپریم کورٹ سے گذارش ہے سارے ریکارڑ اپنے قبضے میں لے کیونکہ یہ لوگ ریکارڈ جلانے کے لئے آگ لگانے میں بڑے مشہور ہیں یہ اکثر آگ لگا دیتے ہیں میں گذارش کرتا ہوں عدلیہ سے ولیم ٹین کو بھی کھول دیں، والیم ٹین کو کھول کر قوم کو انکے نام بتائیں کہ کس کس نے قوم کا پیسہ لوٹا ہے۔سید علی زیدی نے کہا کہ غریبوں کے پیسوں کو امریکہ اور لندن میں لے جانے والوں کے نام سامنے آنے چاہئیں۔