شیریں مزاری کی گرفتاری کا علم ہونے پر وزیر اعلیٰ نے رہائی کے احکامات جاری کئے ،سعد رفیق


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوابازی خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا ہے کہ ماضی کی اپوزیشن کی ظالمانہ گرفتاریوں پرہلا شیری دینے والی شیریں مزاری کی گرفتاری پرحکومت کے اندرسے انصاف کیلئے آوازیں بلندہوئیں ۔ علم ہونے پروزیراعلیٰ پنجاب نے انکی فوری رہا کے احکامات جاری کئے،اسلام آبادہائیکورٹ نے بھی فوری انصاف فراہم کردیا،اچھا ہوا، مگر یہ گرفتاری اور رہائی پاکستان کے نظام عدل پرمتعدد سوالیہ نشان چھوڑ گئی ۔

ان خیالات کااظہار خواجہ سعد رفیق نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سیاسی انتقام کا شکارافرادکواعلیٰ عدالتوں سے حصول انصاف کیلئے میری طرح طویل انتظار کیوں کرنا پڑتا ہے؟عدالتوں پردبا ئوڈالنے اورانکے دباؤ میں آنے کا شرمناک نظام کب ختم ہوگا؟عدلیہ حقیقی آزادی و غیرجانبداری سے کب او ر کیسے ہمکنار ہو گی ؟