مسئلہ کشمیر پر مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلایا جائے گا۔قمرزمان کائرہ


اسلام آباد(صباح نیوز) ، مشیرامور کشمیر و گلگت  بلتستان  قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ مسلہ کشمیر پر لائحہ عمل طے کرنے کے لیے جلد تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلایا جائے گا اور ایک مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے مسلہ کشمیر کو دنیا میں اجاگر کیا جائے گا،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت خارجہ کے حکام کی جانب سے ایک بریفننگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری عوام کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گی، انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ظالمانہ کارروائیوں کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو کسی صورت میں ختم نہیں کر سکتی۔

اجلاس میں وزارت خارجہ کے حکام نے مسلہ کشمیر سے متعلق مشیرامور کشمیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات سے   مشیر امور کشمیرکو گاہ کیا۔حکام نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نئی قابل مزمت حدبندیوں اور یسین ملک کے مقدمے کے بارے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان مذہبی سیاحت، پانی کے معاملات اور دیگر اہم اشوز پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر مشیر امور کشمیر و گلگت قمر زمان کائرہ نے کہا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسلہ کشمیر کا پر امن حل دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لئے انتہائی ضروری ہے جس سے خطے میں پائیدار امن کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔