سڑک پر ہونے والے مظاہرے کمزور حکومتوں کو دباؤ میں لا سکتے ہیں،خالد مقبول صدیقی


کراچی (صباح نیوز)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سڑک پر ہونے والے مظاہرے کمزور حکومتوں کو دباؤ میں لا سکتے ہیں، فریش مینڈیٹ کے حامی ہیں مگر اپنی سیاست کیلئے ملک کو کسی معاشی بحران کے حوالے نہیں کرنا چاہیے۔

کراچی میں سندھ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی اور عالمی حالات کی وجہ سے متاثر ہیں، ایسی پالیسیاں اپنائی جائیں کہ نہ ملک کی معیشت پر اثر پڑے نہ غریب متاثر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا پاکستان میں براہ راست ٹیکس کا رواج، قانون اور کلچر اپنایا جائے، ٹیکس امیروں سے لیا جائے اور غریبوں پر لگایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نئے الیکشن کی تاریخ 17 اگست 2023 ہے، مقررہ وقت سے پہلے جب بھی حکومتوں کو لگے کہ عوام کی عدالت کے پاس چلے جانا چاہیے تو یہ ان کا حق ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سڑک پر ہونے والے مظاہرے کمزور حکومتوں کو دباؤ میں لا سکتے ہیں، مضبوط حکومتوں کو نہیں، ہم بھی چاہتے ہیں کہ ایک فریش مینڈیٹ پوری قوم کے لیے بڑا ضروری ہے مگر اپنی سیاست کیلئے ملک کو کسی معاشی بحران کے حوالے نہیں کرنا چاہیے۔