حمزہ شہباز کے حلف کے خلاف دائر درخواستیں سماعت کیلئے منظور


لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کے بطوروزیراعلیٰ حلف کے خلاف دائر درخواستیں سماعت کیلئے منظور کرلیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے حمزہ شہباز کے حلف کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی جس سلسلے میں پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

تحریک انصاف کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ 16اپریل کو عدالتی حکم پر وزیر اعلیٰ کے الیکشن ہوئے ، اس پر جسٹس امیر بھٹی نے ریمارکس دیئے کہ یہی خوبصورتی ہے کہ الیکشن ہوتے رہنے چاہئیں۔بیرسٹر علی ظفرنے کہا کہ سپریم کورٹ نے تشریح کر دی کہ منحرف ارکان کا ووٹ شمار نہیں ہوگا، اس کے بعد حمزہ شہباز کا حلف بھی ہو گیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے استفسار کیا سوال یہ ہے کہ قانون کب سے لاگو ہوگا؟دیکھنا یہ ہے کہ کیا جو اقدامات ہو گئے وہ بھی کالعدم ہو سکتے ہیں؟ کیوں نہ درخواست کو سماعت کیلئے منظورکرکے دوسر ے فریق سے جواب لے لیں۔عدالت نے حمزہ شہباز سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 مئی کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی دی۔