مظفر آباد(صباح نیوز)حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین احمد، نائب امیر سیف اللہ خالد،تاج علی شاہ اور شمشیر خان نے شہید جنید صحرائی اور شہید طارق بابا کی تیسری برسی کے موقع پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے
کشمیری رہنماوں نے کہا کہ19 مئی 2022تاریخ یاد دلا رہی ہے کہ 19مئی 2020 کو جنید صحرائی سرینگر میں بھارتی فورسز کے ساتھ ایک مقابلے میں شہادت سے سرفراز ہوئے وہیں ان کے والدِ محترم صرف اس کے ایک سال بعد یعنی 5 مئی2021 کو بھارتی زندان میں اقامت دین اور آزادی کی خاطر شہادت کا جام پی کر ، اِس عارضی دنیا سے رخصت ہوگئے۔ باپ بیٹے کی یہ قربانی کیسے ضائع ہوسکتی ہے۔
ایک خصوصی تقریب میں معروف آزادی پسند شہید رہنما اشرف صحرائی کے لخت جگر ، جنید صحرائی المعروف عمار بھائی اور مجاہد طارق احمد شیخ المعروف غازی بابا کو زبردست خراج عقیدت کرتے ہوئے کشمیری رہنماوں نے کہا کہ ان کی شہادتوں سے اگرچہ جدائی کی تکلیف بڑی شدت سے محسوس ہوئی لیکن یہ بھی ایک تاریخی حقیقت ہے کہ یہی شہادتیں منزل کا تعین اور کامیابی کا راز بھی آشکارا کرتی ہیں۔ جنید صحرائی نے کشمیر یونیورسٹی میں ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی تھی اور اسکے ایک سال بعد 2018 میں وہ حزب المجاہدین میں شامل ہوئے تھے۔
سید صلاح الدین نے کہا کہ جنید صحرائی شہید جب 2018 میں حزب کی صفوں میں شامل ہوگئے تو بھارتی حکمرانوں اور ان کے گماشتوں نے تحریک حریت جموں و کشمیر کے سربراہ اور ان کے والد محمد اشرف صحرائی کو بیٹا میدان عمل سے واپس لانے کیلئے قائل کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کی لیکن اس مرد حر نے پائے حقارت سے ان کی ہر کوشش اور پیشکش کو نہ صرف ٹھکرایا بلکہ برملا اِس کا اعلان بھی کیا کہ حق کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگا۔ بعد میں دنیا نے دیکھا کہ خود بھی شہادت سے سرفراز ہوکر رب سے کئے ہوئے وعدے کو بخوبی نبھا کر امر ہوگئے۔
تقریب میں حزب نائب امیر سیف اللہ خالد ، تاج علی شاہ اور شمشیر خان نے بھی خطاب کیا اور اِس یقین کا اظہار کیا کہ تحریک آزادی اِن شا اللہ تعالی کامیابی کے ساتھ حصول منزل تک جاری رہے گی۔اجلاس میں شہدا کی بلندی درجات اور ورثا شہدا کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی گئی۔