وزیر اعلیٰ پنجاب کا 10 کلو آٹے کے تھیلے پر 160 روپے سبسڈی دینے کا اعلان


لاہور(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے صوبے کے لیے 10 کلو آٹے کے تھیلے پر 160 روپے سبسڈی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں 10 کلو آٹا 650 روپے کے بجائے 490 روپے فروخت کیا جائے گا،عمران خان کی وجہ سے آئی ایم ایف کے مذاکرات تعطل کا شکار ہوئے اور ڈالر 200روپے پر پہنچ گیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ چاہے سپیکر پنجاب اسمبلی قائم مقام گورنر کا حلف نہ اٹھائیں، آپ صریحا ًصوبے کی عوام کے ساتھ زیادتی کریں ، ابھی تک میری کابینہ نہیں بنی لیکن لاکھ رکاوٹیں ڈالیں گے مجھے پنجاب کے لیے کام کرنے سے نہیں روک سکتے، میں ایک لمحہ ضائع کیے بغیر عوام کی خدمت کروں گا۔

عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کان کھول کر سن لیں کوئی دنیاوی طاقت مجھے عوام کے دکھ درد دور کرنے سے نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس صوبے کے ساتھ سب سے بڑی زیادتی ہوئی کہ علم ہونے کے باوجود کہ گندم کی تعداد کم ہے انہوں نے گندم باہر بھجوائی اور یہاں غریبوں کو لائنوں میں لگایا گیا، جب غریب عوام تنگ آگئی تو وہی آٹا مہنگے داموں درآمد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاست نہیں کر رہے سیاست کی آڑ میں انتشار پھیلا رہے ہیں، یہ کوئی سیاست نہیں ہے کہ پہلے اداروں کو بدنام کرتے ہو، ان پر حملے کرتے ہو اور سفارتی مشن کو سازش قرار دیتے رہو یہ کوئی سیاست نہیں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ خود کو گولی مار لوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائوں گا، 6 ماہ عوام کو سولی پر لٹکائے رکھا گیا، آئی ایم ایف کی وہ شرائط مانی گئیں جن کا انہوں نے تقاضا نہیں کیا تھا، پھر خود کہا کہ میری سنگین غلطی تھی۔

انہوں نے کہا کہ آج یہ انقلاب کے نعرے لگاتا ہے اس سے پہلے اچھی خاصی معیشت کو تباہ کردیا۔حمزہ شہباز نے عمران خان کے بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ میرے لانگ مارچ میں فوج کے خاندان بھی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات بہت سنگین بات ہے، اس وقت جب معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، ملک میں سیاسی انتشار عروج پر ہے، تو عمران خان فوج کو تقسیم کرنے کی سازش سے پیچھے نہیں ہٹ رہے، میں بطور ایک پاکستانی شہریوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس کے بہروپیے پن پر نہ جائیں، یہ عمران خان تھا جس نے کہا تھا کہ میں آلو پیاز کی قیمت دیکھنے نہیں آیا ہوں، انہوں نے مجھ پر منی لانڈرنگ کا الزام لگایا، 2سال برطانیہ میں میرے بھائی کے اکائونٹ فریز رکھے اور خود 7 سال سے الیکشن کمیشن کے فارن فنڈنگ کیس میں حکمِ امتناع کے پیچھے چھپتے پھر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں عوام کو کہنا چاہتا ہوں کہ اس شخص پر کڑی نظر رکھیںجس طرح اس نے اپنی انا کے بت کو اونچا رکھنے کے لیے آئین اور قانون کی پامالی کی یہ پاکستان کے ساتھ اپنی انا میں دشمنی کر رہا ہے۔حمزہ شہباز نے اگر رات کو 12 بجے عدالت نہ کھلتی تو آج ہم بنانا ریپبلک میں ہوتے، اس ملک میں کوئی آئین یا کوئی قانون نہ ہوتا، سیاست کو ایک طرف رکھیں پہلے اس بات کا فیصلہ کریں یہ شخص اس ملک کے ساتھ کیا کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بڑی ذمہ داری کے ساتھ یہ بات کہہ رہا ہوں کہ اداروں کو اور عوام کو اس بات کا نوٹس لینا پڑے گا، انہوں نے پاکستان کے دوستوں کو ناراض کیا، کبھی یہ چین کو ناراض کرتے ہیں، کبھی یہ سپر پاور کو للکارتے ہیں کبھی یورپ کو للکارتے ہیں، انہوں نے سفارتی تعلقات خراب کئے جس کا خمیازہ آنے والی دہائیوں میں ہمیں بھگتنا پڑے گا۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کے سنگین جرائم میں سے ایک اہم جرم یہ بھی کہ ایک طرف انہوں نے آئی ایم ایف کو تیل مہنگا کرنے کے لیے کہا دوسری طرف سبسڈی دے دی، ان کی وجہ سے آئی ایم ایف کے مذاکرات تعطل کا شکار ہوئے اور ڈالر 200روپے پر پہنچ گیا ۔حمزہ شہباز نے پنجاب میں 10 کلو آٹا 650 روپے کے بجائے 490 روپے فروخت کرنے کا اعلان کردیا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم آٹے کی مد میں عوام کو 10 ارب کے سبسڈی دینے جارہے ہیں، عالمی مارکیٹ میں گندم کی فی من قیمت 4 ہزار روپے فی من ہے اور ہم نے جو اپنے کسانوں سے گندم لی ہے اس کی قیمت 2ہزار 200 روپے فی من ہے، ہمارے پاس ایک سال کی گندم کا ذخیرہ موجود ہے اور اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے میں نے یہ سبسڈی دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے آئی جی پولیس سے کہا ہے کہ میں آپ سے سفارش نہیں کرونگا کہ میرے من پسند افسران کو لگائیں، میں بس یہ چاہتا ہوں کہ عوام کے حقوق کا تحفظ کریں اور انہیں انصاف دلائیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ وزیر اعلیٰ ہائوس میں تقرریوں اور تبادلوں کے ریٹ طے تھے۔