پولیو کا چیلنج ابھی موجو د، خاتمے کیلئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ  پولیو کا چیلنج ابھی موجود ہے، خاتمے کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ملک میں حالیہ 3 پولیو کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت کا قومی ٹاسک فورس برائے انسدادپولیس کا اجلاس منعقد ہوا ۔

اجلاس میں وفاقی وزرا مریم اورنگزیب، عبدالقادر پٹیل، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز ویڈیو لنک،وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس، وزیر صحت بلوچستان احسان شاہ، صوبائی چیف سیکریٹریز اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے شریک ہوئے،تیمور سلیم جھگڑا، صوبائی وزیر صحت خیبرپختونخوا بذریعہ ویڈیو لنک بھی شریک ہوئے

اجلاس میں انسداد پولیو کے حوالے سے حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سال اپریل اور مئی کے مہینوں میں 3 پولیو کیسز شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوئے۔

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ پولیو کیسز کی دریافت تشویش ناک ہے،تمام سٹیک ہولڈرز بشمول وفاقی اداروں، صوبائی حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں نے ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے محنت کی اور گراں قدر خدمات انجام دیں ،تاہم پولیو کا چیلنج ابھی موجود ہے جس کے خاتمے کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے

وفاقی حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی کراتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بین الاقوامی اداروں بشمول ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، بل اینڈ ملینڈا گیٹس فانڈیشن اور دیگر اداروں کا انسداد پولیو مہم کے لیے تکنیکی اور مالی امداد پر شکر گزار ہے۔