جماعت اسلامی کا آرٹیکل63 اے کی تشریح سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے سپریم کورٹ کے منحرف اراکین اسمبلی اور آئین کے آرٹیکل 63A کی تشریح سے متعلق فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کی جانب ایک قدم قرار دیا ہے۔

منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کا فیصلہ خوش آئند ہے اور جماعت اسلامی اس کا خیرمقدم کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کے نتیجے میں سیاسی جماعتوں کا بنیادی حق تسلیم ہوا ہے اور ہارس ٹریڈنگ کا راستہ بند کر دیا گیا ہے۔ماضی میں ہارس ٹریڈنگ اور اراکین اسمبلی کی منڈیوں کے کلچر سے عوام کا عوامی نمائندوں پر اعتماد مجروح ہوا ہے اور اس سے جمہوری عمل کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی قائدین سیاسی جماعتوں کو جمہوری انداز میں چلانے کا طریقہ کار واضح کریں اور پارٹیوں کے اندر جمہوری طرز عمل اور قیادت کے انتخابات کے حوالے سے بھی سیاسی جماعتیں واضح لائحہ عمل مرتب کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیوں کی طرح کسی فرد یا خاندان کی بجائے پوری پارٹی کی نمائندگی کرتی نظر آئیں تبھی ملک میں جمہوری رویے مضبوط ہوں گے، جمہوریت پر عوامی اعتماد بحال ہوگا اور آئین و قانون کی بالادستی قائم ہوگی۔