الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے منحرف ارکان کیخلاف ریفرنسز پر فیصلہ ڈی لسٹ کردیا


اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن پاکستان نے پنجاب اسمبلی کے منحرف ارکان کے خلاف ریفرنسز پر فیصلہ ڈ لسٹ کردیا ہے ،الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کے 25 منحرفین کے خلاف فیصلہ ڈی لسٹ کردیا گیا ہے، نا اہلی ریفرنسز پر فیصلہ بدھ کو نہیں سنایا جائے گا بلکہ اس فیصلے سے قبل فریقین کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان کے خلاف ریفرنسز پر  منگل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔قبل ازیں، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں کمیشن نے سماعت کی جس میں تحریک انصاف اور منحرف ارکان کے وکلا نے دلائل دیئے تھے۔پی ٹی آئی وکیل بیرسٹرعلی ظفر نے موقف اپنایا کہ ووٹ کاسٹ ہوگیا تو اس کا نتیجہ ڈی سیٹنگ ہوگا، پارلیمانی پارٹی نے کوئی ہدایات جاری نہیں کیں، یکم اپریل کو پارلیمانی پارٹی اجلاس میں پرویز الہی کو وزیر اعلی کا ووٹ دینے کا اعلان کیا گیا، منحرف اراکین نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی۔

منحرف اراکین کے وکیل جاوید ملک نے جواب الجواب میں عمران خان کے دستخط جعلی قراردیتے ہوئے کہا کہ کاغذات نامزدگی اورجواب الجواب میں عمران خان کے دستخط مختلف ہیں، جس سے ان کی بدنیتی ثابت ہوتی ہے، ریکارڈ میں کسی دستاویزات کی اصل کاپی نہیں لگائی گئی، فوٹوکاپی دستاویزات کی قانون کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں، اسپیکر پنجاب اسمبلی وزیراعلی کے امیدوارتھے وہ کیسے ارکان کیخلاف ریفرنسز بھیج سکتے تھے؟وکیل منحرف اراکین نے ریفرنسز خارج کرنے کی استدعا کی، بعدازاں الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔