صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کا دورہ


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور متحدہ عرب امارات(یواے ای ) کے درمیان دوستی کو مزید بہتر اور مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کا دورہ کیا گیا ہے۔

اس دوران صدر مملکت نے سابق صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کے انتقال پر شاہی خاندان، عوام اور متحدہ عرب امارات کی حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی وفات پر پاکستانی عوام کو دلی رنج پہنچا ہے، وہ پاکستان کے سچے اور مخلص دوست تھے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے سابق صدر کی وفات دونوں ممالک کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان اور عوام کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔صدر مملکت نے شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی پاکستان کے لیے خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔

اس موقع پر صدر مملکت کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مزید بہتر اور مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے تعزیتی دورے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای دونوں کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں۔اس کے علاوہ سفیر نے متحدہ عرب امارات کی اقتصادی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا ہے۔