سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف باکو میں ہونے والی پائیکو کی تیسری جنرل اسمبلی کانفرنس میں شرکت کے لیے روانہ


اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف باکو میں ہونے والی پارلیمانی اسمبلی برائے اقتصادی تعاون تنظیم (پائیکو) کی تیسری جنرل اسمبلی کانفرنس میں شرکت کے لیے روانہ۔پارلیمانی اسمبلی برائے اقتصادی تعاون تنظیم کی تیسری جنرل اسمبلی کانفرنس آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں 16 مئی سے شروع ہو گی۔ پارلیمانی اسمبلی برائے قتصادی تعاون تنظیم کی تیسری جنرل اسمبلی کانفرنس کی میزبانی جمہوریہ آذربائیجان کی ملی مجلس کی اسپیکر محترمہ صاحبہ غفاروا کریں گی۔

کانفرنس آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقد ہو گی جس میں پاکستان، تاجکستان، ترکی، ازبکستان، ایران، قازقستان اور کرغزستان شرکت کریں گے۔ پارلیمانی اسمبلی برائے اقتصادی تعاون تنظیم کانفرنس میں  تجارت، سرمایہ کاری اور خطے کے ممالک کے مابین روابط کے فروغ کی ضرورت کو زیر بحث لایا جائے گا،  کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستانی وفد کی قیادت اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کر رہے ہیں،

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اس موقع پر کانفرنس میں شریک وفود کے سربراہان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے، کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان کے پارلیمانی وفد میں راجہ پرویز اشرف، راو محمد اجمل خان، نوابزادہ افتخار احمد خان بابر، انجینئر صابر حسین قائم خانی، محترمہ شیزہ فاطمہ خواجہ، ڈاکٹر صوبیہ اسلم سومرو، محترمہ جویریہ ظفر ہیر، محترمہ وجیہ اکرم اور سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین شامل ہیں۔