حنیف عباسی تقرری پر نظرثانی کا معاملہ وزیر اعظم کے سامنے پیش کردیا گیا


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم کے معاون خصوصی محمد حنیف عباسی کی تقرری کے خلاف سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر کابینہ ڈویژن نے عبوری رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروادی۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ حنیف عباسی کی تقرری پر نظرثانی کرنے کا معاملہ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کے سامنے پیش کردیا گیا ہے، وزیر اعظم کے حکم کے بعد تفصیلی جواب جمع کرائیں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ 17مئی کو شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کرے گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کابینہ ڈویژن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ حنیف عباسی کی تقرری کے معاملہ پر نظرثانی کی جائے۔ شیخ رشید کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ حنیف عباسی انسداد منشیات عدالت سے سزایافتہ ہیں اس لیئے ان کی بطور وزیر اعظم کے معاون خصوصی تقرری نہیں کی جاسکتی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے حنیف عباسی اور کابینہ ڈویژن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے17مئی کو جواب طلب کیا تھا۔