سکول کی زمین پرتجاوزات،کے ایم سی سے ماسٹرپلان کیساتھ تفصیلی رپورٹ طلب


  کراچی (صباح نیوز) سکول کی زمین پر تجاوزات کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ نے کے ایم سی سے آئندہ سماعت پرماسٹر پلان کے ساتھ تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

آج جرمن سکول اورنگی ٹائون کراچی کی زمین پر تجاوزات کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ نے ڈی آئی جی ویسٹ کو سکول کی زمین پر تجاوزات روکنے کا ٹاسک دے دیا۔

کے ایم سی نے عدالت کو بتایا کہ ہیٹ سٹروک کی وجہ سے متعلقہ افسرعلیل ہیں اس لیے لے آئوٹ پلان پیش نہ کیا جاسکا۔سماعت کے دوران عدالت نے پوچھا کہ ہزاروں گز زمین سکول کے لیے مختص کرنے کا مطلب ہے کہ اس سکول کے لیے خصوصی پلاننگ کی گئی ہوگی؟۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ جرمن سکول کے ٹرسٹیز،ٹرسٹ ڈیڈ اورسکول کی پلاننگ کی تفصیلات بھی پیش کی جائیں۔ ایسا تو نہیں کہ ٹرسٹ فعال نہ رہا ہو اور پورا محلہ زمین پر قبضہ کرنا چاہتا ہو۔

عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ اس زمین پر بڑے ہسپتال کے لیے انڈس ہسپتال کی انتظامیہ نے کے ایم سی کو پروپوزل دیا ہے۔

وکیل نے کہا کہ اگر یہ پروپوزل منظورہوجاتا ہے تو اورنگی کے غریب عوام کے لیے بڑی نعمت ہوگا۔عدالت نے سماعت موسم گرما کی تعطیلات کے بعد کے لیے ملتوی کردی۔