امپورٹڈ حکومت عمران خان کے خوف سے گھبرا گئی ، حسان خاور




لاہور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حسان خاور نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت عمران خان کے خوف سے گھبرا گئی۔

حسان خاور نے سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے حکومت عمران خان کے خوف سے گھبرا گئی ہے، وزرا کے دھمکی آمیز لہجے سے بھی خوف کی بو آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں جاری تماشا فوری طور پر بند کیا جائے اور جلسے کے انتظامات کو خراب نہ کیا جائے، یہ ہمارے کارکنان کی گرفتاری سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے سارے کارکنان پر امن ہیں اور انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے، پر امن جلسے ہر شہری کا آئینی اور بنیادی حق ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ ہماری تحریک پرامن ہے اسے نہ روکا جائے، حکومت ہوش کے ناخن لے ورنہ کسی بھی صورتحال کی ذمہ دار خود ہوگی۔