آئندہ آنے والے 15 دن سیاست میں بہت اہم ہونگے، شیخ رشید


راولپنڈی(صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق وفاقی وز یر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئندہ آنے والے 15 دن سیاست میں بہت اہم ہونگے،اداروں کو کمزورسمجھنے والے عقل کے اندھے ہیں۔

اپنے جاری کردہ بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ 17 اور 18 مئی سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کر دی جائیں گی جو کھڈا اور سازش عمران خان کے لیے بنائی گئی تھی، اس کھڈے میں اپوزیشن خود گر گئی۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے ن  لیگ سے پرانا قرضہ بمعہ سود واپس لیا ہے جو لوگ اداروں کو کمزور اور بے خبر سمجھتے ہیں وہ عقل کے اندھے ہیں۔

سابق وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ چار دن کی لندن یاترا ن لیگ سے مزید غلط فیصلے کرائے گی، یہ ن لیگ کو مزید پھنسائے گی اور ملک کو ڈیفالٹ کرائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی آیف آئی اے ثنا اللہ عباسی کو اس لیے ہٹایا گیا کیونکہ انہوں نے حمزہ اور شہباز کے منی لانڈرنگ کے کیسز واپس لینے سے انکار کر دیا تھا، جس نیب کے قانون کی زد میں اپوزیشن لیڈر آتے ہیں اسے ختم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ آنے والے 15 دن سیاست میں بہت اہم ہونگے، اگر 15 مئی فیصل آباد اور 20 مئی ملتان کا جلسہ بھی نہ کرنے دیا گیا تو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان 20 مئی سے پہلے بھی ہو سکتا ہے۔