حکومت ہوش کے ناخن لے، قانونی اور آئینی فیصلے کرے، شاہ محمودقریشی


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اورسابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، قانونی اور آئینی فیصلے کرے۔

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کارکنان پر لاٹھی چارج اور ان کی گرفتاریوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن احتجاج کے آئینی حق سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب میں ہمارا پہلا جلسہ منعقد نہیں ہو رہا، ہم نے اٹک، جہلم، میانوالی میں پر امن جلسے منعقد کئے، خیبر پختونخوا اور سندھ میں بھی ہمارے جلسے دیکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پرامن رہتے ہوئے اور قانون اور ضابطے کی پاسداری کرتے ہوئے تمام جلسے منعقد کیے ہیں اور سیالکوٹ جلسے سے متعلق بھی رات تک سب ٹھیک چل رہا تھا لیکن انتظامیہ کی جانب سے یکدم رویہ تبدیل ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، جو آگ کو بھڑکانے کی کوشش کی جا رہی ہے وہ صرف سیالکوٹ تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پورے پنجاب کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔

انہوں نے کہا کہ بہتر یہی ہے کہ ہمارے راستے میں رکاوٹیں پیدا نہ کی جائیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج ہمارے کارکنان جلسے میں شرکت کیلئے نکلیں گے اور جلسہ بھی شیڈول کے مطابق منعقد ہو گا اور اگر رخنہ اندازی کی کوشش کی گئی اور پر امن کارکنان پر کسی قسم کا تشدد کیا گیا تو اس کے ذمہ دار حمزہ شہباز، پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کے حصول کی جدوجہد کیلئے، ہاتھوں میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم تھامے، سیالکوٹ جلسہ میں شریک ہوں۔