کراچی(صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ عطا مری نے ڈائریکٹرجنرل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، سینٹرل زون، کراچی کے دفتر کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ نے اپنے جائزہ اجلاس کے دوران متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والوں کے مسائل اور شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔
انہوں نے کہا کہ وہ پورے سندھ میں واقع بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تمام دفاتر کا دورہ کرکے لوگوں سے براہ راست ملنے کی خواہشمند ہیں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نظام میں آسانی اور مزید بہتری کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور دفتری اوقات میں وقت کی پابندی کو برقرار رکھیں۔
اس موقع پر ڈائیریکٹر جنرل ڈاکٹر ثمر رضا ٹالپر نے انہیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مختلف سیکشنز پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر رفیق احمد بلر، ڈپٹی ڈائریکٹرز عبدالہادی قریشی، شازین اختر اور دیگر بھی موجود تھے۔