میڈیا ورکرز، صحافیوں کے لیے کیا اقدامات کیے گئے؟ ہائیکورٹ نے حکومت سے جواب طلب کرلیا


اسلام آباد (صباح نیوز ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے قانونی تحفظ کی درخواستوں پر وزارت اطلاعات و نشریات کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 جون تک رپورٹ طلب کر لی ہےاسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پی ایف یو جے اور ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کی۔

پی ایف یو جے کی جانب سے عادل عزیز قاضی ایڈووکیٹ عدالت میں جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر ثاقب بشیر اپنے وکیل عمر اعجاز گیلانی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عمر اعجاز گیلانی نے کہا ابھی تک چیئرمین آئی ٹی این ای کی تعیناتی نہیں ہو سکی۔

عادل عزیز قاضی ایڈووکیٹ نے کہا پی ایف یو جے کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے اور وزیر اطلاعات نے اس تعیناتی سے متعلق بیان بھی دیا ہے۔ ثاقب بشیر نے کہا نئی حکومت آئی ہے بہتر ہوگا وزارت اطلاعات و نشریات سے رپورٹ طلب کر لی جائے۔ وزیر اطلاعات کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا جائے کیونکہ کافی مسائل ہیں۔

عدالت نے کہا صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے قانونی تحفظ متعلق سوالات پر وزارت اطلاعات جواب جمع کرائے۔ درخواستوں میں رپورٹرز کی جاب سیکورٹی، ویج بورڈ ایوارڈ نفاذ اور صحافیوں کے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے۔ عدالت نے وزارت اطلاعات سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17 جون تک ملتوی کر دی